زندگی میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے نفسیاتی مسائل کا شکار ہوں ، یہ کوئی بری بات نہیں: ہرتیک روشن

ممبئی (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ سپر سٹار ہرتیک روشن نے کہا ہے کہ زندگی میں آنے والے اتار چڑھاؤ کی وجہ سے میں بہت پریشان اور نفسیاتی مسائل کا شکار ہوں لیکن یہ کوئی ایسی بات نہیں ہے جس کو برا سمجھا جائے۔
لوگوں کو ذہنی و نفسیاتی بیماریوں سے لڑنے کا حوصلہ دینے والی کیمپین کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہرتیک روشن کا کہنا تھا کہ میری زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے ہیں جس کی وجہ سے میں ذہنی دباؤ اور الجھن کا شکار ہوں ۔ دوسرے لوگ بھی خاندانی مسائل کے باعث ایسے ہی مسائل کا شکار ہوتے ہیں اور یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔ یہ ایسی بات ہے جس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت نہیں اور اس کے بارے میں عمومی طور پر بات کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میری نجی زندگی میں بھی دوسرے لوگوں کی طرح اتار چڑھاؤ آئے ۔ ہم سب کی زندگی میں آنے والے چڑھاؤ بہت ضروری ہیں لیکن زندگی میں آنے والے اتار بھی ہمیں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب آپ کو ایک کندھے کی ضرورت پڑتی ہے ، ایسا کندھا جس پر سر رکھ کر آپ اپنے دکھ درد سناسکیں۔