توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے متبادل ذرائع پر توجہ دی جا رہی ہے،صوبائی وزیر معدنیات
لاہور ( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر معدنیات و کان کنی چودھری شیر علی خان نے کہاہے کہ توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے متبادل ذرائع پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔صوبہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں متبادل ذرائع سے چلنے والے پاور پلاٹس پہلے ہی کام کررہے ہیں جبکہ مزید بہت سے منصوبے پائپ لائن میں ہیں ۔ساہیوال کول پاور پلانٹ سے اگلے سال توانائی کی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا۔انہوں نے یہ بات ماہرین توانائی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔چودھری شیر علی خان نے کہاکہ جدید ٹیکنالوجی کی بدولت ہر کوالٹی کے کوئلے کے لئے کول پاور پلانٹس لگانا ممکن ہو گیا ہے۔پاکستان میں کوئلے ،شمسی ، ہوااور ہائیڈل جیسے قیمتی وسائل سے بھی استفادہ کر کے توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے چیلنج کا مقابلہ کیا جا سکتاہے۔ روایتی ذرائع نہ صرف توانائی کی ضروریات پورا کرنے میں ناکام ہیں بلکہ یہ تجارتی خسارے کی بھی ایک بڑی وجہ ہیں کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی و جہ سے تھرمل ذرائع پر انحصار میں مہنگا ثابت ہوتا ہے۔چودھری شیر علی خان نے کہاکہ کوئلے کی پیداوار میں اضافے کیلئے کان کنی کے شعبے کی ری سٹرکچرنگ جاری ہے تاکہ کوئلے سمیت پنجاب میں دستیاب معدنی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔انہوں نے کہاکہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمیں بھی متبادل ذرائع کو استعمال میں لا کر گھریلو وصنعتی شعبے میں فروغ دینا ہوگا کیونکہ ماہرین کے مطابق متبادل ذرائع سے ملک میں ایک لاکھ میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کرنا ممکن ہے جبکہ بائیوگیس بھی توانائی کے حصول کا بہت اہم ذریعہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر وافر اورسستی بجلی کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
ملک میں کوئلے کے 185ارب ٹن ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متبادل ذرائع سے چلنے والے چھوٹے پاو ر پلانٹس کو فروغ دے کر صنعتی پیداوار میں اضافہ اور گھریلو ضروریات پوری کی جا سکیں۔