ترک قونصلر جنرل کی کمشنر عبداللہ خان سنبل کے ساتھ ملاقات

ترک قونصلر جنرل کی کمشنر عبداللہ خان سنبل کے ساتھ ملاقات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( جنرل رپورٹر) کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل سے ان کے دفتر میں ترک قونصلر جنرل لاہور سردار ڈینیز نے ملاقات کی۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل نے کہا کہ ترکی کے قومی دن 29 اکتوبر کو باوقار انداز میں منایا جائے گا جس میں دونوں برادر ملکوں کی دوستی کے حوالے سے سیمینار اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب ترکی کے قومی دن پر تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ پاکستان کے لوگ ترکی کے ساتھ گہرے اور تاریخی رشتہ رکھتے ہیں۔

پاکستانیوں کو ترکی میں بڑی محبت اور عزت ملتی ہے جو کہ ہمارے لیے نہایت باعث فخر ہے۔ ترک قونصلر جنرل لاہور سردار ڈینیز نے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترک پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ثقافتی اور معاشی سرگرمیوں کو دونوں کے درمیان فروغ دینے پر توجہ مرکوز کریں گے اور جلد ہی لاہور میں ترک قونصل خانہ کام شروع کر دے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر عثمان خان خالد اور اسسٹنٹ کمشنر جنرل سید منور بخاری بھی موجود تھے۔