حکومت پاکستان کے وقار اور سلامتی کا تحفظ کرے گی،پرویز ملک
لاہور ( جنرل رپورٹر) مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ ہماری حکومت پاکستان کے وقار اور سلامتی کا تحفظ ہر قیمت پر کرے گی، قومی ا یکشن پلان پر سو فیصد عمل کیا جارہا ہے، کو ئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے کہ قوم کو دھوکہ دے کر کوئی گروہ اپنی دہشتگردانہ اور عوام کومنتشر اور گمراہ کن کرروائیاں کرکے ملک کے امن کو خراب کرنے کی کوشش کرے گا ،پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہوچکا ہے جو کہ ملک دشمن عناصر کو ایک نظر نہیں بھاتا ، غیروں کے ایجنڈے پر عمل پیرا ان کے ایجنٹوں کو اب پاکستان سے نکل کر کہیں اور جا کر بسیرا کرنا ہوگا۔
گذشتہ روز لاہور دفتر میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہیں،وزیر اعظم میاں نواز شریف کی قیادت میں معاشی استحکام کے لئے حکومتی کوششیں بار آور ثابت ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر صورت ہر طرح کی مدد اور حمایت کرتا رہے گا،اور ان کی آزادی کی تحریک کو ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا۔