وفاقی وزراء بڑھکیں لگانے اور دھمکیاں دینے سے باز رہیں،عبدالعلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء بڑھکیں لگانے اور دھمکیاں دینے سے باز رہیں پی ٹی آئی کے کارکن ایسی گیدڑ بھبھکیوں سے ڈرنے والے نہیں انشاء اللہ 2نومبر کو اسلام آباد میں فیصلہ کُن دن ہو گا عبدالعلیم خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکن کشتیاں جلا کر اپنے قائد کی کا ل پر اسلام آباد پہنچیں گے عوام بخونی جانتے ہیں کہ ابھی نہیں تو کبھی نہیں کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔
اور کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کی جنگ نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہو چکی ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی سیاسی منظر نامہ انتہائی گمبھیر صورتحال پیش کر رہا ہے اور نواز لیگ کی پہاڑ جیسی غلطیاں اُن کے اقتدار کی رخصتی کا واضح اشارہ دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ حالات میں بھی حکمران ہوش کے ناخن نہیں لے رہے اور پاناما لیکس کے معاملے پر بدستور ڈھٹائی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ اگر یہ مسئلہ اہمیت کا حامل نہیں تھا تو وزیر اعظم کو دو مرتبہ خطاب کر کے وضاحت پیش کرنے کی کیا ضرورت تھی جبکہ اب اُن کے حواری دور کی کوڑی لاتے ہوئے پاناما لیکس کی صحت سے ہی انکار کر رہے ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ قومی اور عالمی میڈیا اور تجزیہ نگاروں کے مطابق نواز شریف حکومت کو اب مزید مہلت نہیں ملے گی ۔