ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہونے سے یونیورسٹی لاء کالج میں ایل ایل بی کے داخلوں میں تاخیر ہو رہی ہے،ترجمان پی یو
لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں کیس زیر سماعت ہونے کے باعث یونیورسٹی لاء کالج میں ایل ایل بی کے داخلوں میں تاخیر ہو رہی ہے۔ مزید یہ کہ عدالتی فیصلے کی وضاحت درکار ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ مظاہرے کی اصل وجہ یہ ہے کہ یونیورسٹی لاء کالج سے جمعیت کے کارکنوں کو ڈسپلن کی خلاف ورزی پر خارج کیا گیا ہے ۔ ترجمان نے جمعیت کے جھوٹ پر مبنی الزام کی سختی سے تردید کی ہے اور کہا ہے کہ لاء کالج انتظامیہ کے نجی اداروں میں شئیر نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارٹ ٹو اور پارٹ تھری کی کلاسز نہ شروع ہونے کی وجہ پارٹ ون میں داخلے نہ ہونے کے باعث ہے کیونکہ کالج کے ریگولر اور وزیٹنگ اساتذہ میں برابری کی سطح پر سبجیکٹ ایلوکیشن کرنی ہوتی ہے اور پارٹ ون میں داخلے نہ ہونے کے باعث ٹائم ٹیبل نہیں بن سکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت کے کارکن خود کلاسز نہیں پڑھتے تو پھر یہ شور کس بات پر مچا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاء کالج کی گراونڈ میں طلباء کو کھیلنے نہ دینے کے سلسلے میں جمعیت کے الزامات قطعی بے بنیاد ہیں۔