پنجاب یونیورسٹی ، بی اے/ بی ایس سی سالانہ امتحان کی فیس جمع کروانے کا شیڈول جاری
لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی اے/ بی ایس سی (کمپوزٹ )سالانہ امتحان2017ء کے لیے داخلہ فیس و فارم جمع کروانے کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق بی اے/ بی ایس سی (کمپوزٹ )سالانہ امتحان2017ء میں شرکت کے لیے امیدواروں کے لیے داخلہ فارم سنگل فیس کے ساتھ جمع کروانے کی آخری تاریخ بذریعہ ڈاک 10-11-2016 اور دستی فارم جمع کروانے کی آخری تاریخ17-11-2016 ہے جبکہ ڈبل فیس کے ساتھ داخلہ فارم بذریعہ ڈاک 21-11-2016 اور دستی فارم 28-11-2016 تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔ جبکہ امتحانات کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ یہ امتحان صرف انہی طلباء و طالبات کے لئے ہے جن کی یا تو سپلی ہے یا وہ اپنی ڈویژن بہتر کرنا چاہتے ہیں۔نئی پالیسی کے مطابق امیدوار جو بی اے بی/ ایس سی کا کمپوزٹ امتحان دینا چاہتے ہیں انہیں پارٹ ون اور پارٹ ٹو ایک ساتھ امتحان دینا پڑے گا۔ ایسے امیدوار جو پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے علیحدہ علیحدہ امتحان دینا چاہتے ہیں ان کے امتحانات کا شیڈول بعد میں جاری کیا جائے گا۔ تفصیلات پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pk پر بھی دیکھی جا سکتی ہیں۔