سانحہ کارساز واقعہ رونما کرکے جمہوریت روکنے کی ناکام کوشش کی گئی تھی،زبیر کاردار
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور این اے 120کے ٹکٹ ہو لڈر حافظ زبیر احمد کاردار اور افضل بٹ نے کہا کہ سانحہ کارساز کا واقعہ رونما کرکے جمہوریت کے قافلے کو روکنے کی ناکام کوشش کی گئی تھی اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے استقبالی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اس لبرل جماعت کے راستے کو ہمیشہ کے لئے روکنے کی ایک ناکام کوشش کی گئی تھی لیکن ہم ان لوگوں کو یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ بی بی کا قافلہ نہ تو رکا ہے اور نہ ہی تھما ہے ہم بی بی کے جیالے ان کے جمہوری سفر کو جاری رکھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے جیالوں کی قربانیوں کو بھولی نہیں ہے ڈکٹیر ضیاء الحق نے پیپلز پارٹی کو ختم کرنے کی بڑی کوشش کی لیکن اس میں وہ کامیاب نہ ہو سکے تاریخ گواہ ہے کہ پیپلز پارٹی کو ختم کرنے والے خود ہی ختم ہو گئے ہیں اور آج ان کا کوئی نام لینے والا بھی زندہ نہیں ہے لیکن بھٹو شہید کی پارٹی آب و تاب کے ساتھ عوامی خدمت میں مصروف ہے ۔