خان پور ،تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ،33جاں بحق،55سے زائد زخمی

خان پور ،تیز رفتار مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں ،33جاں بحق،55سے زائد زخمی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


خان پور(نمائندہ پا کستان ‘تحصیل رپورٹر) خان پور میں خوفناک ٹریفک حادثے میں 33افراد جاں بحق 55سے زائد زخمی ہوگئے،مرنے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں ،پور ا شہر سوگ میں ڈوب گیا خبر ملتے ہی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے جائے حادثہ پر ریسکیو 1122، شہری دفاع، پولیس اور محکمہ صحت کے اہلکار پہنچ گئے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں تفصیلات کے مطابق بس نمبر BSA-865اور LXK-4927جوکہ مخالف سمتوں سے آرہی تھیں دھریجہ پھاٹک کے نزدیک موڑ کاٹتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث بسوں کے ڈرائیور کنڑول نہ کر سکے اور دونوں بسیں ٹکرا گئیں حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ دھماکہ کی آواز دور دور تک سنی گئی بسیں آپس میں ٹکرا کر الٹ گئیں ایک بس LXK-4927درختوں سے جاٹکرائی جبکہ دوسری ایئر کنڈیشنڈ کوچ BSA-865الٹ گئی دونوں بسوں کے ڈرائیور موقع پر جاں بحق ہو گئے کنڈکٹرز محفوظ رہے اس حادثہ میں کئی خاندانوں کے افراد فوت ہوئے اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر رحیم یار خان امداد اللہ اور ان کی اہلیہ طیبہ بی بی دونوں جاں بحق ہو گئے حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے حادثہ کی سنگینی کے پیش نظر پورے ضلع سے پولیس، امدادی ٹیمیں، سول ڈیفنس کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے خان پور سے کرینیں لے جا کر بسوں کی باڈیاں اٹھائی گئیں ایمبولینسز تیزی کے ساتھ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرتی رہیں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خان پور اور شیخ زید ہسپتال رحیم یار خان میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی خان پور سول ڈیفنس رضا کار ڈاکٹر محمد زاہد کا جواں سال بیٹا شجاع زاہد بھی موقع پر جاں بحق ہو گیا DCOرحیم یار خان کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال، ڈی پی او ذیشان اصغر ، اسسٹنٹ کمشنر خان پور احمد رضا، ڈی ایس پی جمشید شاہ، ایس ایچ او سٹی سیف اللہ کورائی، انچارج 1122عدیل غفار بھی موقع پر پہنچے اور صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کیے جاں بحق ہونے والوں میں سے 26افراد کے نام معلوم ہوسکے ہیں جاں بحق ہونے والوں میں وقاص اسلم چک 29/P، حسن محمود خان پور، غلام مرتضیٰ ڈرائیور اے سی کوچ،اللہ وسائی احمد پور شرقیہ،مرید حسین رکن پور،محمد حفیظ رحیم یار خان،احمد رضا رحیم یار خان، محمد الیاس سرگودھا، محمد اقبال احمد پور شرقیہ،مشتاق احمد خان پور،شعیب نوری آباد،محمد ایوب احمد پور شرقیہ،خالد محمود رحیم یار خان،ستارہ بی بی بہاول پور، امداد اللہ میانوالی قریشیاں،طیبہ بی بی میانوالی قریشیاں، عبدالقادر رحیم یار خان، ظہور احمد خان پور، احسان الحق احمد پور ، محمد علیم صادق دنیا پور،شجاع عمار زاہد خان پور،ممتاز علی لیاقت پور، سجاد احمد شامل ہیں 3افراد کی شناخت کے لیے نادرا سے رجوع کیا جار ہا ہے 3افراد کی لاشیں مقامی افراد موقع سے لے گئے جبکہ دیگر 4افراد رحیم یار خان جاکر جاں بحق ہوئے زخمیوں میں محمد اکبر چوک بہادر پور، عبدالمالک احمد پور، شمیم رحیم یار خان،زاہد اقبال فیروزہ، محمد محرم خان پور،حجاب زہرہ آباد پور،عبدالرحمن خان پور،محمد اکرم خان پور ، قدیر احمد احمد پور ، نصیر احمد فیصل آباد، عبدالقیوم چک 129/P،عارف محمود فیروزہ،عدیل اسلم باغ و بہار، عثمان شبیر خان پور،فقیر محمد جیٹھہ بھٹہ،نذیر احمد احمد پور، دلدار احمد رحیم یار خان، ذیشان احمدخان پور، محمد رمضان جلال پور پیر والا، محمدارشاد جلال پور پیر والا، محمد احتشام کہروڑپکا، زاہدغریب آباد خان پور،محمد بخش طاہر والی،عبدالجبار بہاولپور،مشہود بہاولپور، تاج احمد احمد پور شرقیہ، شمیم بی بی احمد پور شرقیہ، صغراں بی بی منٹھار، عشرت منٹھار، محمد تنویر جیٹھہ بھٹہ، ساجد احمدپور، سعید احمد ، سیف الرحمٰن خان پور، ثنا ء احمد پور شرقیہ،محمد طارق بہاولپور، امیر خاتون رحیم یار خان، محمد ابرار نور پور، حبیب الرحمن شیخ واہن،بشیر احمد خان پور ،محمد جہانگیر خان پور، محمدارشد رحیم یار خانAC کوچ کا سیکنڈ ڈرائیور، محمد فیصل خان پور، محمد جہانگیر سرگودھا، بشیر احمد خان پور شامل ہیں تاہم آخری اطلاعات آنے تک زخمیوں کی تعداد 55سے تجاوز کر گئی ہے ۔حادثہ کے بعدڈی سی او رحیم یار خان کیپٹن (ر) ظفراقبال،ڈی پی او رحیم یار خان ذیشان اصغر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خان پور سمیت دیگر ہسپتالوں کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا جہاں زخمیوں کو منتقل کیا جارہا تھا ،ہسپتالوں میں جاں بحق افراد کے ورثاء کثیر تعداد میں پہنچ گئے جاں بحق افراد کیلئے ایک الگ کیمپ بناکر انکی لاشیں وہاں شناخت کیلئے رکھی گئی تھیں جبکہ شہریوں کا بڑا ہجوم ہسپتالوں کے باہر موجود رہا۔انجمن تاجران خان پورکے صدر مفتی طاہر ذیشان قادری اور صرافہ ایسوسی ایشن سمیت شہر کے دیگر تمام کاروباری حلقوں اوروکلاء برادری نے ایک دن کے سوگ کا اعلان کرتے ہوئے شہر بھر کی دکانیں بند کردیں جبکہ عدالتی امور کا بھی بائیکاٹ رہا ۔اس دوران مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے نوجوان سٹی صدر رانا محمد فیصل کی قیادت میں زخمیوں کو خون کے عطیات دینے خان پور کے مقامی ہسپتال میں پہنچ گئے اسی طرح صرافہ ایسوسی ایشن اور تاجر برادری کی طرف سے پرائیویٹ ایمبولینسیں فراہم کی گئیں تاہم خان پور کے تمام طبقات اور سیاسی وسماجی حلقوں نے اسے ایک المناک حادثہ قرار دیا ہے اور شہری ایک دوسرے سے اظہار افسوس کرتے رہے ۔ شہر بھر کی تمام مساجد میں شہدائے حادثہ کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔دریں اثنا کمشنر بہاول پور کیپٹن ثاقب ظفر نے حادثے کی جگہ کا معائنہ کیا اور زخمیوں کی عیاد ت کی۔
ٹریفک حادثہ

مزید :

صفحہ اول -