فرسٹ ایئرکے امتحانی نتائج میں شکایات پر تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس

فرسٹ ایئرکے امتحانی نتائج میں شکایات پر تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیڈی رپورٹر) انٹرمیڈیٹ فرسٹ ایئرکے امتحانی نتائج کے حوالے سے امتحان دینے والے بعض طلباوطالبات کی شکایات کا مستقل بنیادپرازالہ کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف کی تشکیل کردہ خصوصی انکوائری کمیٹی کا دوسرا اجلاس گذشتہ روز بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے کمیٹی روم میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ چیئرمین چیف منسٹر انسپیکشن ٹیم عرفان علی کے علاوہ کمیٹی کے کواپٹڈ ارکان سیکرٹری ہائرایجوکیشن پنجاب کیپٹن (ر) نسیم نواز ‘ سپیشل سیکرٹری طاہریوسف اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ وقار نعیم قریشی نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انکوائری کمیٹی کے ارکان نے انٹرمیڈیٹ اور سیکنڈری امتحانات کے مارکنگ سسٹم کو شفافیت ‘ ڈسپلن اور کوالٹی کے حوالے سے مکمل طورپر منصفانہ بنانے کے لئے چیئرمین پنجاب بورڈ کمیٹی آف چیئرمین پروفیسر چوہدری محمد اسماعیل ‘ چیف سیکریسی آفیسر اور کنٹرولر امتحانات بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہورسے تفصیلی بریفنگ لینے کے بعدسٹینڈرڈآپریشنل پروسیجر کے مطابق جوابی امتحانی سکرپٹس کی مارکنگ پہلے سے دی گئی ’’آنسر ۔کی‘‘ کوفالو کرنے کالائحہ عمل وضع کر کے قابل عمل تجاویز سمیت مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران14560طلباو طالبات نے اپنے امتحانی پرچوں کی ری چیکنگ کیلئے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہورسے رجوع کیاہے جبکہ سوموار17 اکتوبرکومزید 3200درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ آن لائن درخواستوں کی تعدادبھی 900 تک پہنچ چکی ہے۔ اجلاس میں اس بات کوخاص طورپر نوٹ کیاگیاکہ بیشتردرخواستوں میں شکایت کنندہ امیدواروں نے کسی خاص سبجیکٹ کی نشاندہی کر کے ری چیکنگ کے لئے استدعاکرنے کی بجائے عمومی طورپرمارکنگ کی کوالٹی کو ناانصافی پر مبنی قرار دیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے چیئرمین عرفان علی نے اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی کہ جن طلبا وطالبات کی شکایات درست پائی جائیں‘ ان کے ساتھ ہر صورت انصاف کیا جائے۔ انکوائری کمیٹی نے اجلاس کے دوران اس بات کا بھی جائزہ لیا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کے سینٹرل مارکنگ سنٹر میں سپیشل پیپر چیکر ز کو شکایت کنندگان کے امتحانی پرچوں کی کم از کم دس فیصد جوابی کاپیاں ایٹ رینڈم ری چیکنگ کے لئے دی جائیں۔ اس بارے میں رپورٹ اگلے دو دنوں میں تیار کر لی جائے گی۔ اس دوران جن امیدواروں کے مارکس جوابی کاپیوں کی مارکنگ کے مطابق پائے گئے ہیں‘ انہیں ایس ایم ایس کے ذریعے جواب بھجوایا جاتا رہے گا۔ واضح رہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے تعلیمی اداروں کے سربراہوں کے توسط سے اپنی شکایات داخل کرنے کے لئے 25اکتوبر تک کاوقت دے رکھا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی تشکیل کردہ انکوائری کمیٹی کاتیسرا اجلاس آج منعقدہو گا۔

مزید :

علاقائی -