سری نگر کے شہر خاص میں پچھلے کئی روز سے درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا
سری نگر(کے پی آئی) سری نگر کے شہر خاص میں پچھلے کئی روز سے درجنوں نوجوانوں کو سنگبازی کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے اور ان میں سے کئی ایک کو پی ایس اے کے تحت جیل بھی منتقل کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس کی جانب سے مطلوب سنگباز کو گرفتار کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا ہے ۔ لوگوں نے نوجوانوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جرم بیگناہی کے الزام میں شہر خاص کے نوجوانوں کو سلاخوں کے پیچھے دھکیلا جارہا ہے اور ایسا ایک منصوبہ بند سازش کے تحت ہو رہا ہے۔ شہر خاص میں خشت باری میں ملوث نوجوانوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاون شروع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز انعام یافتہ سنگباز کی گرفتاری کے بعد پورے شہر خاص میں گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ پچھلے ایک ہفتے سے شہر خاص کے نوہٹہ ، گوجوارہ ، خانیار ، نوشہرہ ، حول ، راجوری کدل صراف کدل ، بہوری کدل ، پاندان ، جبگری پورہ ، صفا کدل ، سیکہ ڈافر ، نور باغ ، قمر واری ، عید گاہ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق انعام یافتہ سنگباز کی گرفتاری کے بعد پولیس نے اس کے فون کالوں کو بھی کھنگالنا شروع کیا ہے تاکہ اس کے ساتھیوں کو گرفتار کیا جا سکے اورا س سلسلے کی ایک کڑی کے تحت ہی شہر خاص کے متعدد علاقوں میں درجنوں نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ انعام یافتہ سنگباز کے ساتھیوں کو تلاش کرنے کیلئے پولیس نے خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا ہے تاہم کئی ایک گرفتاری سے بچنے کیلئے روپوش ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا لواحقین نے گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایک منصوبہ بند سازش کے تحت شہر خاص میں نوجوانوں کے خلاف کریک ڈاون شروع کیا گیا ہے۔ لواحقین کے مطابق جرم بیگناہی کے الزام میں نوجوانوں کو گرفتار کرنا سمجھ سے بالا تر ہے اوراس کے کسی بھی صورت میں مثبت نتائج سامنے نہیں آسکتے ۔ علاوہ ازیں معلوم ہوا ہے کہ گرفتاریوں سے بچنے کیلئے کئی نوجوان روپوش ہو گئے ہیں جنہیں تلاش کرنے کیلئے پولیس نے خصوصی اسکارڈ تشکیل دئے ہیں۔ شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں دو بھائیوں سمیت 15نوجوانوں کی چھاپوں کے دوران گرفتاریاں عمل میں لانے اور توڑ پھوڑ کرنے کے خلاف لوگوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں عمل میں لانے سے نہ تو امن کو بحال کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی لوگوں کے دل جیتے جا سکتے ہیں ۔ گرفتاریوں اور توڑ پھوڑ کی کارروائیوں کو نہ روکا گیا تو وسیع تر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہو گی ۔ 15اور 16اکتوبر کی درمیانی رات کو پولیس و فورسز نے درجنوں رہائشی مکانوں پر چھاپے ڈالے اور حسب روایت لوگوں کے مطابق مکینوں کو حراسا ں ،جائیداد کو تہس نہس کرنے کی کارروائیاں انجام دیتے ہوئے 2بھائیوں سمیت 15نوجوانوں کی گرفتاریاں عمل میں لا کر انہیں نا معلوم جگہ پر پہنچا دیا ۔ مقامی لوگوں کے مطابق چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران پولیس و فورسز نے بلا امتیاز ،صنف نازک اور عمر رسیدہ افراد اور نوزائد بچوں کو حراساں کرنے میں کوئی بھی کسر باقی نہیں چھوڑ دی اور پولیس و فورسز کے اہلکاروں نے گھریلوں جائیداد تہس نہس کرنے کی کارروائیا ں بھی انجام دی۔ ادھرشر پورہ اور شمس پورہ اننت ناگ میں گرفتاریوں اور توڑ پھوڑ کے خلاف لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرے کئے ،پولیس وفورسز نے احتجاج کرنے والوں کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولے داغے اور لاٹھی چارج کیا ۔ 15اور16اکتوبر کی درمیانی رات کو پولیس و فورسز نے درجنوں رہائشی مکانوں پر چھاپے ڈالے اور سنگباری کرنے ،امن و امان میں رخنہ ڈالنے ،املاک کو نقصان پہنچا نے میں مطلوب نوجوانوں کی گرفتاریاں عمل میں لانے کی کارروائی شروع کر دی