چکوال،پہاڑوں کے دامن میں بارودفیکٹری پکڑی گئی،دوملزمان گرفتار
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)کلر کہار پولیس نے سالٹ رینج کے قصبہ بھال کے قریب پہاڑوں کے دامن میں واقعہ بارود فیکٹری کا سراغ لگا کر دو ملزمان کو گرفتار کر لیا اور بھاری مقدار میں بارود بھی قبضہ میں لے لیا۔ یہ بات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چکوال منیر مسعود مارتھ نے پیر کے روز تھانہ کلر کہار میں پرہجوم پریس کانفرنس میں بتائی اس موقع پر ڈی ایس پی صدر سرکل کاظم رضا نقوی بھی موجود تھے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ مخبر کی اطلاع پر امیر مختار سنگھار ساکن کٹھا ضلع خوشاب کی لیز ونہار، سالٹ ، نیلہ واہن جہاں پر کوئلہ اور نمک کی کانیں ہیں، پہاڑ کے دامن میں بارود فیکٹری لگی ہوئی ہے۔ ایس ایچ او نذیراحمد راکی نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر7بوریاں سلفر وزن375کلو گرام، کوئلہ کی ایک بوری وزن30کلو گرام اور تیار شدہ بارود کی45بوریاں وزن 1595کلو گرام ، سوڈیوم نائٹریٹ کی42بوریاں وزن2030کلو گرام، پوٹاشیم کی دو بوریاں وزن50 کلو گرام اور دیگر بارودی میٹریل برآمد کیا۔ جبکہ دو ملزمان محمد اقبال ولد اسرار محمد اور محمد احسن ولد سلیمان ساکن خوشاب کو گرفتار کر لیا۔ جبکہ اس دوران دو ملزمان مالک فیکٹری محمد ایوب ولد خان محمد اور محمد رمضان ساکن بھال اور ایک نامعلوم شخص فرار ہوگئے۔ ڈی پی او منیر مسعود مارتھ نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف پانچ ایکسپلوسوز ایکٹ 1908اور ایکسپلوسوز ایکٹ2010کی چار دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ملزمان بااثر لوگ تھے او رایک عرصہ سے بارود بنانے کا دھندا کر رہے تھے۔