نثار کا استعفیٰ نہ آیا تو وزیراعظم انہیں نکال دیں گے: شیخ رشید

اسلام آباد (ویب ڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ متنازعہ خبر لیک کرنے کے ماسٹر مائنڈ وزیراعظم نواز شریف ہیں۔ اس کیس میں وزیرداخلہ بھی خراب ہوئے۔ چودھری نثار 10 دن کے اندر استعفیٰ دیدیں ورنہ نواز شریف خود انہیں وزارت سے نکال دیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چودھری نثار کو مشورہ دیتا ہوں کہ خود ہی مستعفی ہوجائیں ورنہ وزیراعظم انہیں نکال دیں گے۔ نواز شریف جاتی امرا کے زندہ پیر ہیں جو مال بنانا خوب جانتے ہیں۔ اجمل قصاب کا پتہ خود نواز شریف نے دیا تھا۔ متنازعہ خبر دینے والے صحافی سرل کو پہلے سے مارک کررکھا تھا۔ سرل المیڈا اس سے قبل بھی آپریشن ضرب عضب کی ناکامی پر سٹوری لکھ چکا ہے۔ اس تمام معاملے کے ذمہ دار نواز شریف ہیں اور انہیں اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ نواز شریف اور فوج ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ اگلے 10 دن میں اہم فیصلے ہونے والے ہیں۔