پاکستان سٹیل قومی ادارہ، حکومت اس کی بحالی کیلئے اقدامات کرے: چیئرمین پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے چیئرمین خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل قومی ادارہ ہے، حکومت اس کی بحالی کیلئے اقدامات کرے۔ نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کی زیرصدارت پبلک اکاو¿نٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا جسے بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری انڈسٹریز نے بتایا کہ پاکستان سٹیل 10 جون 2015ءسے مکمل بند ہے اور اس کے ذمے 170 ارب روپے واجب الادا ہیں جبکہ سندھ حکومت نے پاکستان سٹیل خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان سٹیل کی اراضی کی مالیت 200 ارب روپے تک ہے اور اگر سندھ حکومت بھی خریدے گی تو وہ بھی زمین ہی استعمال کرے گی۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پاکستان سٹیل قومی ادارہ ہے، حکومت اس کی بحالی کیلئے اقدامات کرے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آڈٹ حکام نے وزارت صنعت و پیداوار سے متعلق بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ گجرانوالہ سرامکس ڈیولپمنٹ اینڈ ٹریننگ کمپلیکس کی مہنگی مشینری خریدی گئی۔ یہ مشینری 2012ءمیں 7 کروڑ 23 لاکھ روپے میں خریدی گئی اور استعمال میں نہ آنے کے بعد پڑے پڑے ہی خراب ہو گئی۔
اس موقع پر سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ افسر کو نوکری سے معطل کر کے کیس نیب کو بھیج دیا گیا ہے جس پر آڈٹ حکام نے کہا کہ وزارت صنعت وپیداوار کا مانیٹرنگ سسٹم انتہائی کمزور ہے اور ہمارے اعتراض پر ہی وزارت صنعت و پیداوار نے اس کیس پر عملدرآمد کیا ہے۔