معمولی جھگڑے پر بچوں کا مستبقل تباہ نہ کریں ،ہائی کورٹ کی نصیحت پر میاں بیوی نے صلح کرلی

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ کے مسٹر جسٹس عبدالسمیع خان کے روبرو بچوں کی تحویل کی درخواست کی سماعت کے دوران ناراض میاں بیوی میں صلح ہوگئی۔ میاں بیوی نے بچوں کی خاطر دوبارہ ایک ہونے کا فیصلہ کرلیا ۔درخواست گزار طاہرہ بی بی کی درخواست پر خاتون کے وکیل نے بتایا کہ اس کے شوہر نعیم نے معمولی جھگڑے کے بعد اسے گھر سے نکال دیا اور بچے بھی چھین لیے۔ خاتون کے مطابق شوہر بچوں سے ملاقات نہیں کرنے دیتا۔
درخواست گزار خاتون نے استدعا کی کہ اس کے بچوںکو اس کے حوالے کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار شوہر نے اپنی بیوی کے بیان کی تردید کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ اس نے بیوی کوگھر نہیں نکالا تھا بلکہ وہ خود گھراور بچوں کو چھوڑ کر گئی ہے۔ جسٹس عبدالسمیع خان نے ناراض میاں بیوی سے کہا کہ وہ معمولی جھگڑے پر بچوں کا مستبقل کیوں تباہ کر رہے ہیں ۔عدالت نے ناراض میاں بیوی کو مصالحت کیلئے وقت دیا جس کے بعد دونوں میاں بیوی میں صلح ہوگئی اور عدالت نے درخواست نمٹا دی۔