لاہورہائیکورٹ نے شیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی نئی بھرتیاں روک دیں

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے شیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی نئی بھرتیاں روک دی ہیں ۔مسٹر جسٹس محمد فرخ عرفان خان نے یہ عبوری حکم امتناعی شفقت محمود چوہان ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائردرخواست پر جاری کیا،عدالت نے مدعا علیہان کو 3نومبر کے لئے نوٹس بھی جاری کردیئے ہیں ۔
درخواست گزار کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین ڈاکٹر فرید اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کر رہے ہیں ،انہوں نے بتایا کہ چیئرمین شیخ زید کو عہدے سے ہٹانے کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس کے باوجود چیئرمین نے ہسپتال میں نئی بھرتیوں کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو کہ عدالتی احکامات کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پر عدالت نے شیخ زید ہسپتال میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل سٹاف کی نئی بھرتیاں تاحکم ثانی روکتے ہوئے حکم امتناعی جاری کر دیا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 3نومبر کو جواب طلب کر لیاہے۔