اسرائیل کی فوج سے بھارتی آرمی کا موازنہ ،سرجیکل سٹرائیک کے بعد اب ہم بھی کسی سے کم نہیں :نریندرمودی ہوش کھو بیٹھے

ہماچل پردیش(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے سرجیکل سٹرائیک کا ثبوت دکھانے کی بجائے ہندوستانی فوج کا موازنہ صیہونی اسرئیلی فوج سے کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری آرمی نے سرجیکل سٹرائیک کر کے دکھا دیا ہے ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ،پہلے ہم سنا کرتے تھے کہ اسرائیل نے یہ کیا ہے ،لیکن ملک نے دیکھ لیا ہے کہ ہماری فوج بھی اسرائیلی آرمی سے کم نہیں ہے۔
بھارتی نجی چینل ’’ای ٹی وی ‘‘ کے مطابق ہماچل پردیش میں ایک جلسے اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ان دنوں ملک بھر میں ہماری فوج کی صلاحیت پر بحث کی جا رہی ہے لیکن ہندوستانی فورسز نے دکھا دیا ہے کہ وہ کسی سے کم نہیں ہیں،پہلے ہم سنا کرتے تھے کہ اسرائیل نے یہ کیا ہے، ملک نے دیکھا ہے کہ ہندوستانی فوج کسی سے بھی کم نہیں ہے۔یاد رہے کہ اس وقت بھارتی حکومت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ انڈیا کے تمام سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے ،ہندوستانی اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور اس کی حکومت کی طرف سے سرجیکل سٹرائیک کا دعویٰ سیاسی فائدہ اٹھانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔ بھارتی فوج کو خوش کرنے اور لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت نے سابق فوجیوں کے لئے ’’ایک رینک ایک پنشن‘‘کے وعدے کو پورا کیا ہے جو 40 سال سے زیادہ عرصے سے لٹکا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے لمبے چوڑے وعدے کر کے لوگوں کو بہکایا اور ان میں سے کچھ نے اس سلسلے میں 200 کروڑ سے 500 کروڑ روپے تک مختص بھی کئے، لیکن اس کے بارے میں کوئی تجزیہ نہیں کیا کہ کتنی لاگت آئے گی اور اسے کس طرح انجام دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی حکومت کے لئے ایک بار میں اتنی بڑی رقم مختص کرنا مشکل تھا۔ مودی نے کہا کہ انہوں نے مسلح افواج سے بات کی اور رقم چار قسطوں میں جاری کرنے کی پیشکش کی جس پر وہ متفق ہو گئے۔واضح رہے کہ بھارت میں مودی حکومت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کے ثبوت دکھانے کے بڑھتے ہوئے دعوؤں پر نریندر مودی کوئی بات نہیں کر رہے اور جس جگہ بھی جاتے ہیں وہاں بھارتی فوج کی تعریفوں کے پل باندھ رہے ہیں ،جسے اپوزیشن کی طرف سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔