یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں چھاتی کے سرطان کے حوالے سے سیمینار

یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں چھاتی کے سرطان کے حوالے سے سیمینار

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹاؤن شپ کیمپس لاہور میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی کے لئے گزشتہ روز ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے بطور مہمان خصوصی جبکہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے دیگر قومی کھلاڑیوں کے ساتھ بطور اعزازی مہمان شرکت کی۔ سیمینار میں شوکت خانم ہسپتال سے آئے وفد میں شامل ڈاکٹر کاشفہ احسان، نائلہ خان، مسرور لودھی و دیگر نے طالبات کو بریسٹ کینسر کی علامات، تشخیص اور علاج کے متعلق تفصیل سے معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر ماہرین کا کہنا تھا کہ لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ چھاتی کے سرطان کا علاج ممکن ہے بشرطیکہ اس کی بروقت تشخیص ہو جائے ۔

اور اس مرض کی تشخیص کوئی مشکل کام نہیں، خواتین خود بھی کر سکتی ہیں۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے کہ امراض سمیت تمام مسائل کا حل اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ان سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ہم خود تیار نہیں ہوتے۔ عصر حاضر میں جب ہر فرد کو اپنے مسائل کھل کر بیان کرنے کی آزادی حاصل ہے تو پھر خواتین خاموش کیوں رہتی ہیں؟ اس تقریب کے اہتمام کا مقصد بھی خواتین میں یہ شعور اجاگر کرنا ہے کہ وہ اپنی صحت اور سماج سے متعلق تمام مسائل پر کھل کا اظہار خیال کریں، کیوں کہ اسی طرح وہ بے جا روایات اور غلط سوچ کے گرداب سے نکل سکتی ہیں۔ اس موقع پر سابق کپتان قومی ویمن کرکٹ ٹیم ثناء میر نے طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ خود پر اعتماد کرتے ہوئے اپنے حق کے لئے بولنا سیکھیں، بلاوجہ کی خاموشی کسی بڑے گناہ سے کم نہیں۔ بریسٹ کینسر کے خلاف جہاد میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں، کیوں کہ یہ صرف خواتین کا مسئلہ نہیں بلکہ ان کی کوکھ سے جنم لینے والی آئندہ نسلوں کے مستقبل کا بھی سوال ہے۔سیمینار کے اختتام پر مہان خصوصی ثناء میر اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم نے طالبات میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔ یونیورسٹی فوکل پرسن برائے بریسٹ کینسر ڈاکٹر زاہدہ حبیب نے تمام مہمانوں اور خصوصاً وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رؤفِ اعظم کا ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ اس مو قع پر رجسٹرار یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر منظوم اختر، پرنسپل ٹاؤن شپ کیمپس ڈاکٹر رانا ابرار حسین، ڈائریکٹر ڈویژن آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر عالم سعید، ڈائریکٹرڈویژن آف ایجوکیشن ڈاکٹر انتظار حسین بٹ، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف ریسرچ ڈاکٹر شہزادہ قیصرسمیت اساتذہ، طلبہ و طالبات، انتظامی افسروں اور دیگر سٹاف نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 4


loading...