رائیونڈ ، ڈی ایچ کیو انتظامیہ کی لاپرواہی ، کھلے آسمان تلے بچے کی پیدائش ، ایم ایس معطل ، انکوائری کمیٹی تشکیل

رائیونڈ ، ڈی ایچ کیو انتظامیہ کی لاپرواہی ، کھلے آسمان تلے بچے کی پیدائش ، ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر)رائیونڈ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باہر کھلے آسمان تلے خاتون نے بچے کو جنم دے دیا، صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کا فوری نوٹس ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل سیکرٹری محمد عامر کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے،ہسپتال کے میڈیکل سپریٹنڈنٹ عامر سہیل کو معطل اور لیڈی ہیلتھ وزیٹر عذراکو ملازمت سے برطرف، لیڈی ڈاکٹر کی انکوائری شروع، ہسپتال کا انتظام چلانے والی پرائیویٹ کمپنی لاہور میڈیکل یو نیورسٹی کا ٹھیکہ منسوخ کرتے ہوئے ہسپتال کا انتظام واپس محکمہ صحت کے سپرد ۔تفصیلات کے مطابق رائیونڈ میں ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹروں کی عدم موجودگی پر خاتون سمیرا نے بچے کو ہسپتال کے باہر جنم دے دیاہسپتال میں صرف لیڈی ہیلتھ ورکر موجود تھی جس نے خاتون کو کسی دوسرے ہسپتال جانے کا کہا۔ جب خاتون سڑک پر پہنچی تو درد سے بے حال حاملہ خاتون نے وہیں پر بچے کو جنم دے دیا۔اس حوالے سے صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے صحت محمد عامر کے ہمراہ خود ہسپتال پہنچ گئے اور انہوں نے خود انکوائری کی۔ اس موقع پر وزیر صحت نے کہا کہ مریضوں کو صحت کی سہولیات میں خلل اور کوتاہی برتنے والے عملے اور ڈاکٹروں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ واقعہ پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے نوٹس لے کر معاملے کی تحقیقات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ۔دوسری جانب کمیٹی کے ارکان ہسپتال پہنچ گئے ہیں اور انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے سے انکوائری شروع کر دی ہے۔ہسپتال انتظامیہ کے مطابق زچہ وبچہ اب وارڈ میں داخل ہیں اور دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

مزید :

صفحہ اول -