ایماندار افسروں کی کمی یا انتظامی نااہلی ، 7تعلیمی بورڈ ز میں چیئر مین کی آسامی خالی ، ایچ ای ڈی کا چوتھی بار ترامیم کیساتھ اشتہار دینے کا فیصلہ

ایماندار افسروں کی کمی یا انتظامی نااہلی ، 7تعلیمی بورڈ ز میں چیئر مین کی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(حافظ عمران انور)صوبہ پنجاب کے 7تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کی آسامیاں خالی ،ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے چوتھی بار ترامیم کیساتھ اشتہار دینے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق قابل اور ایماندار افسران کی کمی کہیں یا انتظامی عہدوں پر دباؤسرگودھا،ساہیوال،گوجرانوالہ، راولپنڈی اورفیصل آباد کے تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کی آسامیاں گزشتہ ایک سال سے خالی ہیں مذکورہ بورڈز کے انتظامی امور عارضی طور پر کمشنرز کو سونپ دئیے گئے ہیں یا پھر پہلے سے کام کرنے والے چیئرمینز کو ہی عہدوں پر نئی تعیناتی تک کام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔علاوہ ازیں ملتان اور بہاولپور بورڈز کے چیئرمینز کی مدت ملازمت 10اکتوبر کو ختم ہو گئی ہے جس کے باعث مذکورہ تعلیمی بورڈز میں مالی اور انتظامی امور شدید متاثر ہیں اور طلباو طالبات کو اپنے مسائل کے حل میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ واضح رہے کہ ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے چیئرمین بورڈز کی تعیناتی کیلئے پہلی بار مارچ اور دوسری بارجون میں اشتہار دیا گیا اورمطلوبہ تعلیمی قابلیت اور تجربہ پورا نہ ہونے کی بنا پربھی بیشتر امیدواروں کی درخواستیں مسترد کردی گئیں تھیں جبکہ موزوں امیدواروں کی طرف سے عدم دلچسپی بھی دیکھنے میں آئی۔بعد ازاں چیئرمین کی تعیناتی کیلئے تیسری باراشتہار اگست میں دیا گیا جس میں کل 40امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائیں،جانچ پڑتال کے بعد 17امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلایا گیاجن میں سے چھ امیدواروں کو چیئرمینزکی خالی آسامیوں پر تعینات کرنے کیلئے فائنل کیا گیا لیکن ناگزیر وجوہات کی بنا پر انکی حتمی سلیکشن کوروک لیا گیا۔واضح رہے کہ اس وقت سرگودھا،ساہیوال،گوجرانوالہ، راولپنڈی،فیصل آباد،ملتان اور بہاولپوربورڈز میں چیئرمینز کی تعیناتی کا معمہ حل کرنے کیلئے چوتھی بار اشتہار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،جس کیلئے بنیادی اہلیت کے معیار میں چند تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔جو تبدیلیاں کی گئی ہیں ان میں انتظامی امور کا تجربہ کم کرکے5سال اور تنخواہ کا پیکیچ ایم پی Iسکیل کے برابرکرنا شامل ہیں۔اس کے علاوہ چیئرمین بورڈ کی آسامی کیلئے ڈی ایم جی اور پی ایم ایس افسران سمیت بیوروکریٹس بھی درخواست دے سکتے ہیں۔سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نبیل احمد اعوان نے بتایا ہے کہ چیئرمین بورڈزکی تعیناتی کیلئے بنیادی اہلیت میں ترمیم کی سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردی ہے جس کی منظوری کے بعدآئندہ چند روزمیں قومی اخبارات میں اشتہار دیدیا جائیگااورسرچ کمیٹی کے ذریعے انٹرویو زکے بعدجلد تعلیمی بورڈز میں چیئر مینز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا جائیگا۔
چیئرمین تعلیمی بورڈ ز

مزید :

صفحہ آخر -