جوہر آباد، پولیس مقابلہ میں 2ڈاکو ہلاک ،3فرار، اسلحہ برآمد
جوہرآباد(نمائندہ پاکستان)کدھی کے گاؤں ٹبہ قائم دین میں پولیس اور ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کے نتیجہ میں دو خطرناک ڈاکو امتیاز حسین اور ظہور احمد ہلاک ہو گئے‘ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ جوہرآباد موڑ کے قریب پولیس وین پر فائرنگ کر کے تین زیر حراست ڈاکوؤں کو ہلاک کرنیوالے خطرناک ملزمان ٹبہ قائم دین سے موٹر سائیکل پر خوشاب کی جانب آ رہے ہیں۔ جس پر ایلیٹ فورس اور پولیس کی بھاری نفری ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹبہ قائم دین پہنچ گئی۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کی۔ کراس فائرنگ کے دوران دو ڈاکو امتیاز حسین بلوچ اور ظہور احمد پاولی ہلاک ہو گئے۔ جبکہ اُن کے تین ساتھی محمد اعجاز ‘ اخترآرائیں اور محمد مسعود فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ہلاک ہونیوالے ڈاکوؤں کی کلاشنکوف ‘ ایس ایم جی رائفل قبضہ میں لے لی اور اُن کی تلاشی کے دوران اُن کی جیبوں سے مبلغ 19ہزار روپے کی رقم برآمد ہوئی۔ دونوں ڈاکوؤں کی نعشیں پوسٹمارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خوشاب منتقل کی گئیں جہاں ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کے ایم ایس ڈاکٹر قاضی آصف محمود ‘ ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر مجید ٹوانہ‘ ڈسٹرکٹ میڈیکو لیگو آفیسر ڈاکٹر مقبول حسین اور ٹی ایچ کیو ہسپتال خوشاب کے ایک میڈیکل آفیسر پر مشتمل بورڈ نے اُن کا پوسٹمارٹم کیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونیوالے دونوں ڈاکو13رُکنی بین الاضلاعی گینگ کا حصہ تھے اور سرگودھا پولیس کو قتل اور ڈکیتی کے 21مقدمات ‘ اورجھنگ پولیس کو سات مقدمات میں مطلوب تھے جبکہ ضلع خوشاب کے تھانہ قائدآباد ‘ نورپورتھل اور سٹی جوہرآباد میں بھی اُن کے خلاف ڈکیتی کے مقدمات درج ہیں۔
پولیس مقابلہ