برقیات کے فنی ملازمین کا6نومبر سے ریاست گیراحتجاجی تحریک کااعلان

برقیات کے فنی ملازمین کا6نومبر سے ریاست گیراحتجاجی تحریک کااعلان

مظفرآباد(بیورورپورٹ) محکمہ برقیات آزاد کشمیر کے ملازمین کے برابر مراعات دیے جانے کے عدالت العالیہ کے فیصلے اور حکومتی رضا مندی کے باوجود اس دیرینہ مطالبے پر عملدرآمد نہ ہونے پر تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین برقیات نے 6 نومبر سے ریاست گیر احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا ہے ۔واپڈا کے برابر مراعات کے حصول کے لئے گزشتہ روز دارالحکومت مظفرآباد میں ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عدالت العالیہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرائے ۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے تنظیم غیر جریدہ آزاد کشمیر کے مرکزی صدر ذوالفقار منہاس ، تنظیم غیر جریدہ فنی ملازمین برقیات کے ضلعی صدر اسد نقوی ، جنرل سیکرٹری شاہد منظور، وائس چیئرمین راجہ اجمل، ضلعی صدر جہلم ویلی منیر مغل ، جنرل سیکرٹری راجا طاہر انور ، عارف قریشی ، سعید کھوکھر ، ضلعی پریس سیکرٹری مظفرآباد ذوالفقار اعوان، شکیل چک اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا مراعات ملازمین محکمہ برقیات کا جائز حق ہے جسے حکومت نے تسلیم کر رکھا ہے عدالت العالیہ نے بھی برقیات ملازمین کو واپڈا کے برابر مراعات دینے کا فیصلہ دے رکھا ہے لیکن اس فیصلے پر حکومتی رضا مندی کے باوجود عمل درآمد نہیں ہوا ۔ برقیات ملازمین آزاد کشمیر کو روشن رکھنے کے لئے دن رات کام کرتے ہیں ۔ دوران ڈیوٹی حادثات کے دوران اب تک سینکڑوں ملازمین جام شہادت نوش کر چکے ہیں ۔ جانوں کے نذرانے دیے جانے کے باوجود برقیات ملازمین کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھا گیا ہے اور بیوروکریسی نے برقیات کے ملازمین کا یہ جائز حق غصب کرر کھا ہے اب ملازمین نے فیصلہ کیا کہ وہ بیوروکریسی کے جابرانہ ہتھکنڈوں کیخلاف کسی بھی راست اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ برقیات ملازمین عدالت العالیہ کے فیصلے پر عمل درآمد اور واپڈا کے برابر مراعات کے حصول کے لئے 6 نومبر سے احتجاجی تحریک کا آغاز کریں گے اور یہ احتجاجی تحریک واپڈا مراعات کا نوٹیفکیشن جاری ہونے تک جاری رہے گی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...