آزادکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کااجلاس،22منصوبوں پرغور

آزادکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کااجلاس،22منصوبوں پرغور

مظفرآباد( بیورورپورٹ )آزاد کشمیر کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف شاہ کی زیر صدارت آزادکشمیر ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں 5 ارب 30کروڑ سے زائد ما لیت کے ہائر ایجوکیشن ، صحت عامہ ، جنگلات ؍ جنگلی حیات ، ماہی پروری ، تعمیرات عامہ (عمارات)، تحفظ ماحولیات ایجنسی ، ترقیاتی ادارہ جات، ،سماجی بہبود ، سٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی ، صنعت و حرفت ، زراعت ؍امور حیوانات اور محکمہ شاہرات کے 22منصوبہ جات زیر غور لائے گئے۔اجلاس میں حکومت پاکستان اور محکمہ مالیات کے نمائندگان کے علاوہ متعلقہ محکمہ جات کے سیکرٹریز اور سربراہان اور محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے آفیسران نے شرکت کی۔اجلاس میں گرلز انٹر کالج کیل کے ہمراہ خرید زمین ، تعمیر عمارت و فراہمی فرنیچر و دیگر ضروری سامان، آزادکشمیر میں خاندانی منصوبہ بندی کا صحت پروگرام ، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور جلال آباد و نیو سیکرٹریٹ کی اندرونی سڑ کات کی تعمیر و بہترگی ، میرپور شہر کی گلیات کی تعمیر، کوٹلی شہر کی خوبصورتی ، راولاکوٹ اور میرپور میں منشیات کے مریضوں کی بحالی کے مراکز کا قیام اور لائن آف کنٹرول سے ملحقہ 06سب ڈویژنز میں بم ڈسپوزل سروسز کا قیام ، غربت میں خاتمہ کے لیے آزاد کشمیر میں پیداواری یونٹس کا قیام ، ضلع نیلم میں دو عدد معلق پل ہاء کی تعمیر کے علاوہ بلوارہ ضلع بھمبر میں پل کی تعمیر ، بہترگی و بحالی بھمبر ،سماہنی روڈوکوٹ جیمل ، افتخار آباد روڈ ، ضلع باغ کی سڑکات کی بہترگی و پختگی ، آزادکشمیر کی بڑی سڑکات پر لینڈ سلائیڈ کی بحالی کے علاوہ نقشہ جات کی تیاری اورمیرپور میں سپیشل اکنامک زون کے قیام کے لیے موزونیت کی جانچ کی سکیم ہاء شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف شاہ نے کہا کہ منصوبہ جات کی مانیٹرنگ کو یقینی بنایاجائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کاسمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری صاحبان منصوبوں کی خود نگرانی کریں ۔منصوبہ جات اور فنڈز کا بروقت استعمال کو یقینی بنایا جائے۔ منصوبوں کے معیار اور شفافیت اولین ترجیح ہونی چائیے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...