ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام لازمی ، نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا: وزیر اعظم
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے، بلدیاتی اداروں کا ملک کی ترقی میں اہم کردار ہے، شراکتی جمہوریت ہی جمہوری استحکام کی ضمانت ہے، کراچی کو امن اور خوشحالی کا گہوارہ بنانا ہمارا مشترکہ ہدف ہے جبکہ نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
وزیر اعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، ایل او سی پر بھارتی جارحیت کی مذمت، اہم فیصلے کئے گئے
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے فاروق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے ملاقات کی ، ملاقات میں کراچی اور حیدرآباد کے حوالے سے وزیرِاعظم کے ترقیاتی پیکیج کا جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ فنڈز کا اجراءرواں ماہ میں یقینی بنایا جائے گا اور منصوبوں پر فی الفور کام شروع کیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیرِ اعظم نومبر میں حیدر آباد یونیورسٹی کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے کے ایم سی کے حوالے سے حکومت سندھ کے عدم تعاون کی شکایت کی جس کی وجہ سے کراچی میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے اور اہل کراچی کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں ہر سطح کے منتخب جمہوری اداروں کا احترام کرتی ہے۔