6ماہ بعد اتنی خودکشیاں ہونگی کہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی ہونگی :نبیل گبول کی خوفناک پیشگوئی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہاہے کہ ، تحریک انصاف کی حکومت چھ ماہ بعد لوگوں کوسڑکوں پردیکھے گی ، مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہوجائیں گے ، اتنی خودکشیاں ہونگی کہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی ہوں گی۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگو کرتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ نوازشریف جب وزیر اعظم تھے تو انہوں نے چیئر مین نیب پر تنقید کی تھی کہ نیب لوگوں کی پگڑیاں اچھال رہاہے ، عمران خان اپنے بیانات کی وجہ سے مصیبت میں آجاتے ہیں، عمران خان کوسوچنا چاہئے کہ وہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر بات نہیں کررہے وہ وزیر اعظم ہیں۔ عمران خان کویہ ضرور سوچنا پڑے گا کہ اب وہ وزیر اعظم ہیں اور کل وہ شہبازشریف کی جگہ ہونگے ۔ یہ معاملہ ہم نوے کی دہائی سے دیکھتے آرہے ہیں کہ ایک دوسرے کوڈرا دھمکا کر حکومت چلائی جاتی ہے ۔ فواد چودھری کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ چور تو تحریک انصاف کی صفوں میں بھی موجود ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے لئے مسائل رانا مشہود کے بیان کے بعد پیداہوئے ہیں ، اگر وہ سٹیبلشمنٹ کے ساتھ معاملات طے ہونے کے حوالے سے بیانات نہ دیتے تو شہبازشریف کوگرفتار نہ کیا جاتا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو بڑی بڑی باتیں کرکے عوام کوبیوف قوف بنایا ہے اس کا حساب کون دیگا ؟ تحریک انصاف کی حکومت چھ ماہ بعد لوگوں کوسڑکوں پرخود دیکھے گی ، مہنگائی کی وجہ سے لوگ خودکشیوں پر مجبور ہوجائیں گے ، اتنی خودکشیاں ہونگی کہ پاکستان کی تاریخ میں نہیں ہوئی ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر عوام کے لئے کچھ نہیں کیا جائے گا تو یہی عوام ذلیل کرکے سرسے گرائے گی ۔