”ہو سکتا ہے ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے کیونکہ۔۔۔“ پاکستان نے ایسا کون سا کام شروع کر دیا؟ وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے ملاقات میں ایسا انکشاف کر دیا کہ وہ بھی حیران رہ گئے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے بیل آﺅٹ پیکیج سے بچنے کیلئے پاکستان نے دوست ممالک کیساتھ رابطے میں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے صحافتی تنظیموں کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا کہ شائد پاکستان کو ممکنہ بیل آﺅٹ پیکیج کیلئے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے کیونکہ حکومت معاشی بحران کے حل کیلئے دوست ممالک کیساتھ رابطے میں ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا یہ بیان وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کی انڈونیشیا میں آئی ایم ایف کے وفد سے ملاقات کے چند روز بعد سامنے آیا ہے۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر اور چیئرپرسن کرسٹین لیگارڈ نے 11 اکتوبر کو تصدیق کی تھی کہ پاکستان کے وزیر خزانہ اسد عمر اور گورنر سٹیٹ بینک طارق باجوہ سے ملاقات ہوئی۔ واضح رہے کہ آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کی ٹیم کا دورہ پاکستان بھی متوقع ہے تاکہ بیل آﺅٹ پیکیج پر مزید گفتگو کی جا سکے۔
صحافی تنظیموں کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت کے سخت فیصلوں کے باعث عوام کو آئندہ 6 مہینوں میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔