نیب قانون میں تبدیلی لائی جائیگی تاکہ بڑی مچھلیاں نہ بچ سکیں :صداقت عباسی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تحریک انصاف کے رہنما صداقت عباسی نے کہاہے کہ نیب قانون میں تبدیلی لائی جائیگی تاکہ بڑی مچھلیاں بچ نہ سکیں، مسلم لیگ ن کے لئے اپوزیشن بڑی مشکل ہے جبکہ جیل اور نیب کے قوانین بڑے سخت ہیں ، اب یہ چاہتے ہیں کہ شائد شور شرابہ ڈالنے سے یہ بچ جائیں لیکن یہ بچ نہیں سکیں گے۔
جیونیوز کے پروگرام ”آپس کی بات “ میں گفتگو کرتے ہوئے صداقت عباسی نے کہا کہ شہبازشریف قومی اسمبلی میں ایسے بات کررہے تھے جیسے پارلیمنٹ نے فیصلہ کرناہے کہ وہ بری ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے قوانین اگر غلط ہیں تو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے درست کرنے تھے ، عمران خان نے چیئرمین نیب کونہیں لگایا ، ان کا کہنا تھا کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے اوریہ الزامات جو حکومت پر لگائے جاتے ہیں کہ نیب حکومت کے ساتھ ملا ہوا یہ غلط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی والے جمہوریت کے بڑے لیکچر دیتے ہیں لیکن یہ دس سال کیا کرتے رہے ؟ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان کی پریشانی کا اندازہ ہے کیونکہ مسلم لیگ ن کے لئے اپوزیشن بڑی مشکل ہے جبکہ جیل اور نیب کے قوانین بڑے سخت ہیں ، اب یہ چاہتے ہیں کہ شائد شور شرابہ ڈالنے سے یہ بچ جائیں لیکن یہ بچ نہیں سکیں گے ۔ انہوں نے کہا اگر ہم نیب کے قانون میں تبدیلی آئے گی تاکہ بڑی مچھلیاں بچ نہ سکیں۔