پانامہ کے بعد شریف برادران کیلئے نئے مسائل کھڑے ہوگئے ،کے الیکٹرک سے متعلق وال سٹریٹ جنرل کی رپورٹ نے ہلچل مچادی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی جرید ے وال سٹریٹ جنرل کی رپورٹ کے بعد نوازشریف اور شہبازشریف کے لئے نئے مسائل کھڑے ہونے کا مسئلہ پیدا ہوگیا ہے ، رپورٹ کے مطابق ابراج گروپ نے کے الیکٹرک کی فروخت میں مدد حاصل کرنے کے لئے شریف برادران کو نوید ملک کے ذریعے دو کروڑ ڈالر کی پیشکش کی اور شہبازشریف نے اس ڈیل پر آمادگی کا اظہار کیا تھا ۔
جیونیوز کے مطابق وال سٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ابراج کیپٹل نے کے الیکٹرک میں اپنے شیئرز چینی کمپنی کو فروخت کرنے کے لئے شریف برادران کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی اور شریف برادران کی مدد حاصل کرنے کی کوشش اس وجہ سے کی گئی کیونکہ وفاقی حکومت کے الیکٹرک میں حصہ دار ہے اور ابراج کیپٹل چاہتی تھی کہ اس ڈیل میں کسی سطح پر مسائل پیدا نہ ہوں۔ابراج گروپ کے مالک عارف نقوی نے اپنے شیئرز کی فروخت کے لئے مشہور کاروباری شخصت ملک نوید کی مدد حاصل کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے شریف برادران کو کے الیکٹرک کی چینی کمپنی کو فروخت پر رضامند کرنے کے لئے کردار ادا کرنے کی خاطر ملک نوید کو دو کروڑ ڈالر کی پیشکش کی تھی ۔جریدے کے مطابق کہ اکتوبر 2015میں ابراج کے پارٹنر عمر لودھی نے عارف نقوی کو ایک ای میل بھیجی جس میں انہوں نے لکھا کہ کاروباری شخصیت نوید ملک نے انہیں بتایا ہے کہ شہباز شریف اس چینی کمپنی سے ڈیل کریں گے جس نے بولی دی ہے اور جب شہباز شریف کواس بات کا پتہ چلا کہ کے الیکٹرک کو ایک چینی خریدنے کی خواہش مند ہے تو وہ بھی ڈیل کے لئے رضامند ہو گئے تھے۔ جریدے نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ معلومات ان لوگوں سے حاصل کی گئی ہیں جو ڈیل کی تفصیلات کو بخوبی آگاہ تھے ۔
وال سٹریٹ جنرل کے مطابق عمر لودھی نے اپنی ای میل میں عارف نقوی کو لکھا کہ اس ڈیل سے متعلق شریف برادران کے علم میں تمام تفصیلات لاکر ان سے حمایت حاصل کی جائے،۔ ای میل میں یہ بھی پوچھا گیا کہ شریف برادران سے دریافت کیا جائے کہ یہ رقم چیرٹی کی صورت میں دی جائے یا پارٹی فنڈ کی صورت میں ادائیگی کی جائے؟
14 جون 2016کو عمر لودھی نے عارف نقوی کو بیس ملین ڈالر رشوت دینے کے حوالے سے ایک معاہدے کی تفصیلات ای میل کر دیں۔ 16 جون کو عمر لودھی کو جواب ملا کہ ہاں یہ ٹھیک ہے، اس کو پیچ دو، کے الیکٹرک، کے ای ایس سی اور ابراج کا نام ہٹا دو۔ اس کو بالکل عام الفاظ میں بیان کر دو اور اس کو اپنی جی میل اکاونٹ سے بھیجو، یہ دستاویزات غلط ہاتھوں میں چلی گئی تو قیامت برپا ہوجائے گی۔ جریدے کے مطابق شریف برادران کے وکیل کی جانب سے تمام الزامات کو مسترد کیا گیاہے ۔
واضح رہے کہ معروف کاروباری گروپ ابراج کیپٹل کے الیکٹرک کے 66 فیصد حصص کا مالک ہے جس کی مالیت تقریباً 1 ارب 77 کروڑ ڈالر ہے۔ ابراج کیپٹل اپنے شیئرز کو شنگھائی الیکٹرک کو فروخت کرنا چاہتاہے جس کے تحت دسمبر 2016 میں شنگھائی الیکٹرک اور ابراج کیپٹل کے درمیان کے الیکٹرک کی فروخت کا معاہدہ طے پایا جس کے تحت کے الیکٹرک میں حکومت پاکستان کو بھی حصہ دار بنایا گیا اور یاد رہے کہ کے الیکٹرک کو فروخت کرنے کے لئے حکومت پاکستان کی رضامندی ضرور ی ہے ۔