فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو فیس بک سے نکالنے کا فیصلہ۔۔۔ ایسا کیونکر ممکن ہے؟ جانئے

فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو فیس بک سے نکالنے کا فیصلہ۔۔۔ ایسا کیونکر ممکن ...
فیس بک کے بانی مارک زکربرگ کو فیس بک سے نکالنے کا فیصلہ۔۔۔ ایسا کیونکر ممکن ہے؟ جانئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا کمپنی فیس بک اور اس کے بانی و سی ای او مارک زکربرگ کا نام لازم و ملزوم سمجھا جاتا ہے، لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ انہیں کمپنی سے بے دخل کرنے کرنے کے لئے ایک بڑا قدم اٹھا لیا گیا ہے۔ بدھ کے روز فیس بک میں حصص رکھنے والے چار بڑے امریکی فنڈز نے یہ تجویز پیش کردی ہے کہ مارک زکربرگ کو فیس بک کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے ہٹادیا جائے۔ یہ تجویز متعدد تہلکہ خیز تنازعات میں مارک زکربرگ کا نام آنے کے بعد دی گئی ہے اور تجویز کنندہ فنڈز نے امید ظاہر کی ہے کہ متعدد دیگر اثاثہ جات منیجرز ان سے تعاون کریں گے۔
امریکی میڈیا کے مطابق مارک زکر برگ کو اُن کے عہدے سے ہٹانے کی تجویز الینائے، روڈ آئی لینڈ اور پنسلوانیا کے سرکاری خزانچی، اور نیویارک سٹی کے کمپٹرولر کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ شیئرز ہولڈر کی اسی طرح کی ایک تجویز 2017ءمیں رد ہوچکی ہے کیونکہ کمپنی میں مارک زکربرگ کے اکثریتی کنٹرول کی وجہ سے اس طرح کی کوئی بھی بیرونی قرارداد محض علامتی ثابت ہوتی ہے۔ روڈ آئی لینڈ کے سرکاری خزانچی کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود یہ تجویز اس قابل تھی کہ اسے پیش کیا جاتا کیونکہ یہ فیس بک کے اندرونی مسائل کو حل کرنے کے لئے ایک طریقہ فراہم کرتی ہے۔ فیس بک کی ترجمان نے اس صورتحال پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ جن تنازعات کا شکار رہے ہیں ان میں سوشل میڈیا کی ساکھ کو نقصان پہنچانا، صارفین کی معلومات کو غیر مجاز کمپنیوں کی رسائی سے بچانے میں ناکام ہونا، جعلی خبروں کا پھیلاﺅ، اور امریکی عام انتخابات میں سوشل میڈیا کے ذریعے غیر ملکی مداخلت جیسے تنازعات شامل ہیں۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -