مس ارتھ لبنان نے ایسی تصویر کھینچ لی کہ پورے ملک میں کہرام برپاہوگیا۔۔۔ ایوارڈ سے ہاتھ دھو بیٹھی، تصویر میں ایسا کیا تھا؟ جانئے
بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک) شوبز سے تعلق رکھنے والی حسیناﺅں کے لئے سکینڈل کوئی نئی بات نہیں، البتہ لبنانی ملکہ حسن سلیوہ عقر کی بدقسمتی دیکھئے کہ ایک تصویر کھنچوانے پر ایسے تہلکہ خیز سکینڈل کی زد میں آ گئیں جو اُن سے مس لبنان کا تاج ہی چھین کر لے گیا۔
ہو اکچھ یوں کہ سلیوہ عقر مس ارتھ مقابلہ حسن میں شرکت کے لئے فلپائن گئی ہوئی تھیں جہاں اسرائیلی حسینہ ڈینا زیک کے ساتھ انہوں نے ایک سیلفی بنائی اور پھر اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا۔ اس تصویر کے سامنے آتے ہی لبنان میں تو ایک طوفان برپا ہو گیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے آسمان سر پر اٹھا لیا کہ لبنانی حسینہ نے اسرائیلی حسینہ کے ساتھ سیلفی کیوں بنائی۔
اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے عربی زبان کے ترجمان گینڈریل مین نے منگل کے روز کی گئی ایک ٹویٹ میں بتایا کہ لبنانی حسینہ کے جانب سے اسرائیلی حسینہ کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے بعد ان سے مس لبنان کااعزاز چھین لیا گیا ہے۔ انہوں نے لبنانی حکام کو شدت پسندی کے مرتکب قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی۔
مصری اخبار مصر الیوم نے بھی تصدیق کی ہے کہ سلیوہ عقر کا ٹائٹل اسرائیلی حسینہ کے ساتھ تصویر بنوانے پر واپس لیا گیا۔ منگل کو اداکارہ نے فیس بک پر ایک پوسٹ شیئر کی لیکن اس میں حالیہ تنازع کا ذکر نہیں کیا۔ انہوں نے لکھا ” میں لوگوں کے درمیان امن اور محبت کی داعی ہوں تاکہ وہ ایک دوسرے سے پیار کریں اور اپنی زمین سے امن کا تعلق قائم کریں۔“
سلیوہ عقر نے یہ وضاحت ضرور کی تھی کہ ڈینا نے اس کے ساتھ عربی میں بات کی تھی اور وہ نہیں جانتی تھی کہ وہ اسرائیلی ہے ، لیکن لبنانی آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ زیک کے لباس پر لگی پٹی کے اوپر واضح الفاظ میں اسرائیل لکھا تھا، لہٰذا سلیوہ عقر کے اس عذر کو رد کر دیا گیا۔