کیا بھارتی خفیہ ایجنسی را سری لنکا کے صدر کو قتل کرنے جارہی ہے؟ سری لنکن صدر نے مودی کو کال کردی، دراصل معاملہ کیا ہے؟ جانئے
کولمبو(نیوز ڈیسک)سری لنکا کے صدر میتھری پالا سری سینا گزشتہ کچھ عرصے سے متنازع خبروں کی زد میں ہیں لیکن اس بار تو اُن کے حوالے سے شائع ہونے والی ایک خبر نے کچھ زیادہ ہی تہلکہ برپا کر دیا۔ ایک بھارتی اخبار نے یہ خبر شائع کر دی کہ سری لنکن صدر نے اپنے وزیروں سے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را انہیں قتل کروانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس خبر نے بھارت میں ایسا ہنگامہ برپا کیا کہ سری لنکن صدر کو خود بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کر کے معاملے کی وضاحت کرنا پڑی۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ رپورٹ بھارتی اخبار ”ہندو“ میں شائع ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سری لنکن صدر نے اپنے وزراءکے سامنے کہا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را انہیں قتل کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ اس رپورٹ نے بھارت میں ہنگامہ برپا کردیا اور بھارتی حکومت کے ساتھ بھارتی خفیہ ایجنسی کے بارے میں بھی طرح طرح کے سوالات اٹھائے جا نے لگے۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے سری لنکا کے صدر نے فوری طور پر وزیراعظم مودی کو فون کرکے وضاحت کی کہ انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی ہے۔ میڈیا میں یہ رپورٹ کیوں شائع ہوئی اس بات کی تحقیق کی جارہی ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سری لنکا کے صدر نے وزیراعظم مودی سے رابطہ کیا اور انہیں بتایا کہ وہ ان کے ذاتی دوست ہیں اور وہ وزیراعظم مودی کو سری لنکا کا دوست بھی سمجھتے ہیں۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سری لنکن صدر نے خود سے منسوب کی گئی رپورٹ کو کلی طور پربے بنیا دقرار دے کر رد کیا ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا کے صدر حالیہ کچھ عرصے میں بار بار عجیب و غریب خبروں کے حوالے سے تنازعات کا شکار رہے ہیں۔ ان کے بارے میں چند دن قبل یہ خبر سامنے آئی کہ سری لنکا کی قومی ائیرلائن میں انہیں خشک میوہ جات میں کاجو دئیے گئے تو وہ بہت برہم ہوئے اور عملے کو ڈانٹ پلائی کیونکہ ان کے خیال میں کاجو انسانی استعمال کے لئے مناسب چیز نہیں ہے۔ اسی طرح ایک اور خبر یہ سامنے آئی کہ انہوں نے آسٹریا میں اپنے ملک کے سفیر کو اہلخانہ سمیت واپس آنے کا حکم جاری کردیا کیونکہ صدر کے سٹاف نے سفارتخانے کو فون کال کی تھی مگر ان کی جانب سے فون نہیں اٹھایا گیا۔