سندھ میں گورنر راج لگنے جارہاہے :کامران شاہد
لاہو ر (ڈیلی پاکستان آن لائن) معروف اینکر کامران شاہد نے انکشاف کیاہے کہ کراچی اور سندھ میں گورنر راج لگنے جارہاہے کیونکہ وفاقی حکومت کی جانب سے گورنر سندھ کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیاگیاہے جو کراچی کے مسائل حل کرنے کیلئے کام کرے گی ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دافرنٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران شاہد کا کہنا تھا کراچی اور سندھ میں گورنر راج لگنے جارہاہے کیونکہ فواد چودھری کی پریس کانفرنس کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت گورنر سندھ عمران اسماعیل کو وہ اختیارات دینے جارہی ہے جو اٹھارویں ترمیم سے متصادم ہیں۔ ان اختیارات سے لگتاہے جیسے تحریک انصاف کی حکومت سندھ میں گورنر راج لگانے جارہی ہے ۔انہوں نے کہ اب دیکھتے ہیں کہ ایسی ٹاسک فورس اگر بنتی ہے جس میں گور نر کوسارے اختیارات دے دیئے جائیں تو ایسے میں اب پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت کیا کرے گی ؟
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھر ی نے اپنی پریس کانفرنس میں کہاہے کہ کراچی میں کے الیکٹر ک ، پانی اورتھر کے مسائل حل کرنے کیلئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں ایک ٹاسک فورس قائم کی جائیگی ۔