جاوید آفریدی کی کمانڈرن سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات، بولان اور بگٹی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کرنے کا اعلان
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی اور زلمی فاﺅنڈیشن کے چیئرمین جاوید آفریدی نے بولان اور بگٹی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور کوئٹہ میں کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
چیئرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے کوئٹہ میں کمانڈرن سدرن کمانڈ جنرل عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کی۔ جاوید آفریدی نے کوئٹہ اور بلوچستان میں امن و امان کی بہتری پر پاکستان آرمی کی کوششوں کو سراہا اور بالخصوص قیام امن کی کوششوں اور سماجی خدمات پر جنرل عاصم باجوہ کی کوششوں کی تعریف کی ۔
ملاقات کے دوران کوئٹہ میں کرکٹ کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ جاوید آفریدی نے پشین میں کرکٹ سٹیڈیم کے ساتھ بولان اور بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ کی اپ گریڈیشن کیلئے زلمی فاؤنڈیشن اور پی سی بی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
جاوید آفریدی نے جنرل عاصم باجوہ کو زلمی فاؤنڈیشن کے تحت خیبر پختونخواہ میں زلمی سکول لیگ, زلمی مدرسہ لیگ اور دیگر پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور کوئٹہ اور بلوچستان میں بھی نوجوان کرکٹرز کیلئے مشترکہ پروگرام اور ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔