وفاقی حکومت سندھ میں قدم بھی نہیں رکھ سکے گی :سردار لطیف کھوسہ کی تنبیہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پیپلز پارٹی کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے کہاہے کہ تحریک انصاف یہ غلط فہمی نکال دے کہ وہ سندھ میں کسی بھی منصوبے پر عمل درآمد کرسکے گی، وفاقی حکومت صوبے میں قدم بھی نہیں رکھ سکے گی ،پولیس گورنر کے کہنے پر نہیں آئے گی ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ اگر وفاق کی جانب سے بنائی گئی ٹاسک فورس صوبائی حکومت کی زیر نگرانی چلے گی اور صو بائی حکومت کی معاونت کرے گی تو پھر یہ قابل قبول ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف یہ غلط فہمی نکال دے کہ وہ سندھ میں کسی بھی منصوبے پر عمل درآمد کرسکے گی ۔انہوں نے کہا کہ وفاق صوبے کے معاملات میں براہ راست مداخلت نہیں کرسکتا ، اگروہ صوبے میں کوئی کام کرے گا تو اس میں معاونت صوبے کی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ صوبے کے نیچے ہوتی ہے ، گورنر اگر پولیس کوبلائیں گے تو وہ نہیں جائے گی ، اگر صوبے کی جانب سے معاونت نہیں کی جائیگی تو وفاقی حکومت صوبے میں قدم بھی نہیں رکھ سکے گی کیونکہ زمین صوبے کی ملکیت ہے ۔