کے الیکٹرک ڈیل کے دوران 20ملین ڈالرکا ذکرہی نہیں آیا تھا :محمد زبیر کا دعویٰ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسلم لیگ ن کے رہنما محمد زبیر نے کہاہے کہ نوازشریف نے کے الیکٹرک کی ڈیل کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا ، ڈیل کے دوران 20ملین ڈالر ز کا ذکر ہی نہیں آیا تھا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہاہے کہ شگھائی الیکٹرک کو کے الیکٹرک کے بارے میں سب کچھ بتایاگیا تھا ، نوازشریف نے کے الیکٹرک کی ڈیل کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا تھا ، ڈیل کے دوران 20ملین ڈالر کی ڈیل کا ذکر آیا ہی نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی منتقلی کے لئے تمام وزارتوں نے این او سی دیناتھا اور شنگھائی الیکٹرک کو کے الیکٹرک کے بارے میں سب کچھ بتایا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ابراج گروپ کے مسائل بہت زیادہ ہیں ، کے الیکٹرک اور سوئی سدرن کے درمیان ٹی او آرز بنانے پر بات ہوئی تھی لیکن بعد میں کے الیکٹرک نے سوئی سدرن کے ٹی او آرز واپس بھیج دیئے۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے سوئی سدرن کو تھرڈ پارٹی کے ذریعے ٹیرف پر نظر ثانی کی تجویز دی تھی ۔
ان کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ شنگھائی الیکٹرک جلداز جلد کے الیکٹرک کولے لے کیونکہ یہ بہت بڑی کمپنی ہے اور اگر یہ نہیں ہوتا تو کراچی کے عوام کی بڑی بدقسمتی ہوگی ۔