پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے :وزیر اطلاعات فواد چودھری کا دعویٰ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاہے کہ معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور آنیوالے دنوں میں مزید بہتری آئے گی ، آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ ابھی چل رہاہے ، آئندہ چند دنوں میں مزید باتیں بھی کھل کرسامنے آجائیں گے ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہم کو 12ارب ڈالر چاہئے ، ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ ابھی چل رہاہے ، آئندہ چند دنوں میں مزید باتیں کھل کر سامنے آئیں گی ، پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور اس میں مزید بہتری آئیگی ۔ انہوں نے کہا کہ درمیان کے حصے میں جو تلخ فیصلے لینا پڑیں گے اس میں بھی حکومت کی کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوکم سے کم تکلیف پہنچے اوراس کے لئے کوشش ہورہی ہے ۔ وزیر اعظم کے چائنہ اور سعودی عرب کے دوروں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ان دوروں کی بڑی اہمیت ہے ،سعودی عرب میں23ٹریلین ڈالر کی کانفرنس ہورہی ہے ، وزیر اعظم عمران خان اس کانفرنس میں اپنے منصوبوں پیش کرسکیں گے ، چین کے دورے میں باہمی تعاون میں اضافہ ہوگا اور چینی حکام کے ساتھ سی پیک میں روزگار اورسرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات زیر بحث آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان میں احتساب کی بات کی جاتی ہے تو یہ کہا جاتاہے کہ اس سے معاشی ترقی رک جائیگی ، یہ بات تھوڑے عرصے کیلئے درست بھی ہولیکن لمبے عرصے تک ایسا نہیں چل سکتا ، اگر شفافیت لاناہے تو اس کے لئے لانگ ٹرم بنیادوں پر اقدامات کرنا ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل نہیں رکے گا اور نہ ہی اس پر کوئی سودے بازی ہوگی ، اب احتساب کے معاملات میں شفافیت لانا کہ کوئی بے گنا ہ اس کا نشانہ نہ بنے یہ اور بات ہے اور اس کے لئے فروغ نسیم کی سربراہی میں ٹاسک فورس بنادی گئی ہے ۔