ضرورت مندافراد کی مدد کرنا سب کی اجتماعی ذمہ داری‘ نیلوفربختیار
راولپنڈی (کامرس ڈیسک)لائنز کلب انٹرنیشنل کا بنیادی مقصد کمیونٹی کی خدمت کے لیے رضاکار وں کو بااختیار بنانا ہے۔ معاشرے کے پسے ہوئے طبقے، نادار اور ضرورت مند افراد کی ضروریات پوری کرنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔سماجی خدمات کے لیے چیمبر آف کامرس کا کردار نہایت اہم ہے۔صحت عامہ خاص طور پر ہیپاٹئیٹس کے خاتمے کے لیے لائنز کلب اور آر سی سی آئی مشترکہ پروگرام شروع کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارسابق وزیر سیاحت اور لائنز کلب کی Past Directorانٹرنیشنل نیلو فر بختیار نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بلا شبہ یہ ایک فعال چیمبر ہے اور خلق دوست کاموں میں دوسروں کے لیے باعث تقلید ہے۔انہوں نے نو منتخب ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے عزم کیا کہ دونوں ادارے مل کر کام کریں گے۔لائنز کلب کے سابق ڈسٹرک گورنرڈاکٹر حسن سروش نے کہا کہ انسانیت کی خدمت اورفلاح عامہ کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر صدر چیمبرصبور ملک نے کہا کہ سماجی خدمات اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں راولپنڈی چیمبر آف کامرس لائنز کلب پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ چیمبر اجتماعی سماجی ذمہ داری کے تحت دسترخوان اور میڈیکل کلینک بھی کامیابی کے ساتھ چلا رہا ہے۔ فلاح عامہ کے منصوبوں کے لیے لائنز کلب کے ساتھ تمام تر تعاون اور معاونت کی جائے گی۔چیمبر اور لائنز کلب مل کر ہیپا ٹائٹس سی، ذیابیطس، مفت آئی کیمپ، بلڈ کیمپ اور ماحول کو آلودگی سے پاک کر نے کے لیے آگاہی مہم چلائیں گے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے اس موقع پر کہا کہ عوامی مفاد کے منصوبوں پر کام کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ چیمبر معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی بہتری کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔ آر سی سی آئی کے سابق صدر اسد مشہدی نے کہا کہ گلو رئیس راولپنڈی منصوبے کے تحت شہر کی بہتری کے لیے لائنز کلب ہمارے ہاتھ بٹائے۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر نو شیروان خلیل خان، نائب صدر محمد حمزہ سروش، سابق صدور ایس ایم نسیم، شاہد سلیم، مجلس عاملہ کے اراکین، چیمبر ممبران اور لائنز کلب کے عہدیداران بھی موجود تھے۔