ٹانک، 2قبائل میں تصادم کے دوران بس پر فائرنگ، 10مسافروں سمیت 15جاں بحق
ٹانک(آئی این پی) ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع ملازئی میں درابین موڑ پر 2 گروپوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ٹانک میں درابین موڑ پر 2 گروپوں میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 14 افراد جاں بحق ہوگئے، فائرنگ کا واقعہ انعام گروپ اور بیٹنی قبائل کے درمیان پیش آیا۔پولیس کے مطابق دونوں گروپوں کے 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ فائرنگ کی زد میں بس آنے سے 10 مسافر کی زندگی کی بازی ہار گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے باعث 4 افراد شدید زخمی ہوئے، جاں بحق اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ آر پی او سید فیروز شاہ کے مطابق یہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے،پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور گروہوں کیخلاف کارروائی شروع کر دی۔واضح رہے کہ گزشتہ برس خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے تھے۔پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنرکو ٹریفک پوائنٹ کے قریب نشانہ بنایا اور فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔
قبائل،تصادم