انقلابی اقدامات کی بدولت اہم کامیابی حاصل کی گئی، ضیاء اللہ بنگش

  انقلابی اقدامات کی بدولت اہم کامیابی حاصل کی گئی، ضیاء اللہ بنگش

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)مشیر تعلیم خیبرپختونخوا ضیاء اللہ خان بنگش نے کہاہے کہ انقلابی اصلاحات کی بدولت محکمہ تعلیم میں بہت اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں اورآج سرکاری سکولوں میں طلباء کو تمام سہولیات اور معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دستیاب ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایبٹ آبادکے دورے کے دوران کیا۔ضیاء اللہ بنگش نے گورنمنٹ ہائی سکول نمبر 4 اور گورنمنٹ پرائمری نمبر4 کا دورہ کیا، طلباء میں گھل مل گئے۔ ان سے مختلف سوالات کئے اور طلباء سے سکول میں دستیاب سہولیات اور درس وتدریس کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔مشیرتعلیم نے دورے کے موقع پر سکولوں میں دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز بھی موجود تھے۔ ضیاء اللہ بنگش نے کہاکہ سرکاری سکولوں کے بہترین نتائج کی بدولت اب سرکاری سکولوں میں پرائیویٹ سکولوں سے بچے داخلے کیلئے آرہے ہیں۔ہمارے بچے ہمارا مستقبل اور قیمتی سرمایہ ہیں اور سرکاری سکولوں میں سہولیات کی فراہمی پرکروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ مشیرتعلیم نے کہاکہ سرکاری سکولوں کے طلباء کو معیاری تعلیم کیساتھ ساتھ سپورٹس اورگیمز کی سہولیات بھی فراہم کررہے ہیں اور اس ضمن میں ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ مشیرتعلیم نے محکمہ تعلیم ایبٹ آباد کی کارکردگی کوبھی سراہا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر