پاکستان چین کا تجارتی حجم19.08ارب ڈالر تک پہنچ گیا ، مزید اضافے کا عزم 

    پاکستان چین کا تجارتی حجم19.08ارب ڈالر تک پہنچ گیا ، مزید اضافے کا عزم 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


بیجنگ( آن لائن )چین میں پاکستان کی سفیر نغمانہ ہاشمی نے کہا ہے پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم 19.08 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے اور دونوں ممالک اس میں مزیداضافہ کےلئے پرعزم ہیں۔ یہ بات انہوں نے چینی اخبارچائنا ڈیلی میں شائع ہونےوالے آ ر ٹیکل میں کہی ۔ نغمانہ ہاشمی نے اپنے آرٹیکل میں لکھا کہ دفاعی پیداوار کے شعبے میں دونوں ممالک کے مشترکہ منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے، اس کے نتیجہ میں الخالد ٹینک اور جے ایف 17 تھنڈر لڑاکا طیارے بنائے گئے۔ سفارتی محاذ پر دونوں ممالک ملٹی لیٹرلزم کے فروغ اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کےلئے پر عزم ہیں، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات اور تعاون کے دائرہ کار میں توسیع ہو رہی ہے،دونوں مما لک کے درمیان سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، سماجی و اقتصادی شعبوں اور پر امن مقاصد کےلئے جوہری ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون جاری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی جڑیں ثقافت اور تاریخ میں جڑی ہے،اس وقت چین کی اعلی ترین یونیورسٹیوں میں 28ہزار سے زائد پاکستانی طالبعلم زیر تعلیم ہیں اسی طرح چینی طلبا و طالبات پاکستانی تعلیمی اداروں میں پڑھ رہے ہیں۔ چین اور پاکستان کے درمیان عوامی سطح پر روابط میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ،اس وقت سب سے زیادہ چین کے شہری پاکستان آرہے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک)کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا یہ قدیم شاہراہ ریشم کا احیا ہے، زمانہ قدیم سے چینی تاجر انہی راستوں سے یورپ کی طرف تجارتی کاروان لے کر جاتے تھے۔ سی پیک کے تحت پاکستان میں بجلی کی پیداوار اور ترسیلی منصوبوں کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد کا آغاز ہو گیا ہے۔اس کے نتیجہ میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں جیسے شاہراہوں ،ریلویز، ہوائی اڈوں، بندر گاہو ں ، گیس پائپ لائنز اور آپٹک فائبر کے منصوبوں کو اپ گریڈ کیا گیا ۔ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں سماجی اور اقتصادی ترقی اور نئی ملازمتوں کی پیداوار پر توجہ دی جائے گی۔ اسی طرح خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے جا رہے ہیں جہاں چینی سرمایہ کاروں کےساتھ مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔پاکستانی سفیر نے کہا زراعت پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان زراعت کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔ صدر شی جن پنگ کے بیلٹ اینڈ روڈ اور وزیر اعظم پاکستان کے نئے پاکستان کے وژن میں یکسانیت پائی جاتی ہے ۔وزیراعظم عمران خان سی پیک کو نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کےلئے گیم چینجر سمجھتے ہیں،سی پیک نے پاکستان اور چین کو فعال اورموثر اقتصادی شراکت دار ثابت کردیا ہے۔ علاقائی صورتحال کے نتاظر میں چین اور پاکستان کے درمیان پالیسی کی سطح پر ہم آہنگی پائی جا تی ہے۔ پاکستان اور چین کے درمیان آزمودہ دوستی اور باہمی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سدا بہار دوستی اور سٹریٹجک پار ٹنر شپ قائم ہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیںگے۔
پاک چین تجارت

مزید :

صفحہ آخر -