غیر قانونی شکاریوں سے ایک کروڑ62لاکھ سے زائد جرمانہ وصول
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبہ بھر میں یکم جنوری تا ستمبر 2019ء کے دوران غیر قانونی شکار کیخلاف جاری مہم کے دوران محکمہ وائلڈلائف نے صوبہ بھر میں کارروائیاں کرتے ہوئے محکمانہ معاوضہ کی مد میں ایک کروڑ 62لاکھ سے زائد رقم وصول کرکے خزانے میں جمع کرادی گئی ہے۔ڈائریکٹر جنرل وائلڈلائف اینڈ پارکس پنجاب لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے یہ بات اپنے دفتر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ غیر قانونی شکاریوں کیخلاف زیر و ٹالرنس کی پالیسی اپنائے ہوئے ہے۔
اور اس ضمن میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔لیفٹیننٹ (ر) سہیل اشرف نے تفصیلات کاذکر کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور ریجن میں غیر قانونی شکاریوں کیخلاف کارروائی کے دوران 23لاکھ 96ہزار، راولپنڈی ریجن میں 28لاکھ 81ہزار، سالٹ رینج میں 19لاکھ 24ہزار 5سو، ڈی جی خان ریجن میں 13لاکھ 75ہزار 7سو، ساہیوال ریجن میں 5لاکھ 88ہزار 5سو، ملتان ریجن سے 5لاکھ 39ہزار 835روپے، بہاولپور ریجن سے 29لاکھ 85ہزار 367روپے، فیصل آباد ریجن سے 11لاکھ 58ہزار روپے جبکہ گوجرانوالہ ریجن سے 25لاکھ 76ہزار 570روپے محکمانہ معاوضہ وصول کرکے خزانے میں جمع کروایا گیا ہے۔ڈی جی وائلڈلائف نے مزید بتایا کہ گزشتہ 5سال کے دوران صوبہ بھر میں محکمانہ معاوضہ، شوٹنگ لائسنس،فیزنٹ شوٹ،کالاہرن و چنکارہ ہنٹنگ، پرندوں اور جانوروں کے ملکیتی لائسنس کی مد ات میں جمع کروائی گئی رقم کا سپیشل آڈٹ بھی کروایا جارہاہے اور اس سلسلہ میں آڈیٹر جنرل آڈٹ کو چٹھی لکھی جارہی ہے تاکہ جمع کروائی گئی رقم کوکاؤنٹر چیک کیا جاسکے۔