طلبہ و طالبات اپنے شعبوں میں خدمت انسانیت کو فرو غ دیں،سلیم مظہر
لاہور (لیڈی رپورٹر) پرووائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے طلباؤ طالبات پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے شعبوں میں انسانیت کی خدمت کے جذبہ کے ساتھ کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان، کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم، فیکلٹی ممبران اور طلباؤ طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرووائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمد سلیم مظہر نے کہا کہ طلباء ایمانداری سے اپنے فرائض انجام دیں اور پیشہ ورانہ زندگی میں بروقت فیصلے کریں کیونکہ دیر سے فیصلہ کرنے سے اداروں کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈین فیکلٹی آف کامرس پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان نے کہا کہ ہیلی کالج آف کامرس پنجاب یونیورسٹی کاایک تاریخ ساز ادارہ ہے جس نے کئی قابل قدر گریجوائیٹس دیئے ہیں۔
۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج آف کامرس معاشرے کی خدمت کو اپنا شعارسمجھنے والے ذمہ دار گریجوائیٹس پیدا کرنے میں بھرپور کردارادا کر رہا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر حسن مبین عالم نے کہا کہ ہیلی کالج آف کامرس تقریباً ایک صدی سے کامرس کے شعبہ میں بہترین گریجوائیٹس پیدا کرتا رہا ہے جنہوں نے ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنے اور ادارے کا نام روشن کیا۔ انہوں نے طلباء پرزور دیا کہ ملک و قوم کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے طلباؤ طالبات اور ان کے والدین کو سنگ میل عبور کرنے پر مبارک باد پیش کی۔ قبل ازیں ایم فل کامرس، ایم کام (آنرز)، ایم کام(آئی ٹی)، بی کام(آنرز) اور بی کام (آئی ٹی) کے 600طلباؤ طالبات میں ڈگریاں اور میڈلز تقسیم کئے گئے۔