عالمی اداروں نے کشمیر پر خاموشی اختیار کر کے افادیت کھو دی،اشرف جلالی
لاہور(نمائندہ خصوصی)تحریک لبیک یارسول اللہ ؐ آزاد کشمیر و تحریک صراط مستقیم آزاد کشمیر کے زیر اہتمام دھیر کوٹ آزاد کشمیر میں عزم جہاد کانفرنس، صدارت حضرت پیر اکرم شاہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ گڑھی شریف نے کی، سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار محمد عتیق احمد خان مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر خاموش میڈیا اور خاموش عالمی ادارے اپنی افادیت کھو چکے ہیں۔کشمیر کا مسئلہ علاقائی نہیں امت مسلمہ کا مسئلہ ہے۔کشمیر کی آئینی حیثیت کے خاتمے پر امت مسلمہ کی سستی کا خمیازہ کشمیریوں کو کئی صدیوں تک بھگتنا پڑ سکتا ہے۔مودی مائنڈ سیٹ کی جارحیت کے مقابلے امن کی تجویزیں خود کشی کے مترادف ہے ٹرمپ کے ذریعے بھارت سے مذاکرات کی بھیک مانگنا قومی وقار کے خلاف ہے۔بھارت کے جنگی جنون کا علاج پاک فوج ہی کر سکتی ہے۔ ٹرمپ کامودی کیساتھ مل کر اسلامی دہشت گردی کے خلاف لڑنے کے اعلان سے حکمرانوں کی آنکھیں کھل جانی چاہییں۔
مظلوم کشمیریوں کے قتل کا لہو ٹرمپ مودی دونوں کے دامن پر موجود ہے۔جہاد فی سبیل اللہ کے جھنڈے کے نیچے تربیت پانے والی فوج اور عسکری تربیت کیساتھ جذبہئ ایمان رکھنے والی فوج کشمیر کا 70 سالہ لٹکا ہوا مسئلہ ان شاء اللہ تعالیٰ چند گھنٹوں میں حل کر سکتی ہے۔