ناقص تفتیش، جسٹس سید مظاہر علی برہم،اوکاڑہ، حافظ آباد کے ڈی پی او طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ کے مسٹرجسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے مقدمات کی ناقص تفتیش پر اظہار برہمی کرتے ہوئے دو مختلف کیسوں میں اوکاڑہ اور حافظ آباد کے ڈسٹرکٹ پولیس افسروں کو آج 18اکتوبرکوطلب کرلیا۔پہلے کیس میں لڑکی کے اغواء کے ملزم عاطف جاوید کی درخواست ضمانت میں وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پولیس تفتیش مکمل کر کے جیل بھیج چکی ہے،لڑکی برآمد نہیں ہوئی، ضمانت منظور کی جائے۔فاضل جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیاکہ مغوی لڑکی کیوں بازیاب نہیں کی؟دوسر ے کیس میں اسی عدالت میں اقدام قتل کے ملزموں محمد شفیق اورمحمد لطیف کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کے خلاف تھانہ صدر دیپالپور میں اقدام قتل کا مقدمہ ہے،چشم دیدگواہوں اورمیڈیکل رپورٹ میں تضادہے۔
اس کیس میں بھی تفتیشی افسر تسلی بخش جواب نہیں دے سکاجس پر فاضل جج نے نہ ڈی پی او اوکاڑہ کو بھی طلب کرلیا۔