موسم کی خرابی یا لاہور کی کشش شاہی جوڑے واپس کھینچ لائی، شاہی مہمانوں کا رات لاہور میں ہی قیام کا فیصلہ

    موسم کی خرابی یا لاہور کی کشش شاہی جوڑے واپس کھینچ لائی، شاہی مہمانوں کا ...

  

لاہور(رپورٹنگ ٹیم )موسم کی خرابی یا لاہور کی کشش برطانوی شاہی جوڑا لاہور میں نتہائی مصروف دن گزارنے اور دورہ مکمل ہونے کے بعدگزشتہ شام ا سلا م آباد جانے کیلئے روانہ ہوا تو خراب موسم کی وجہ سے ان کا طیارہ اسلام آباد میں لینڈ نہ کرسکا۔اطلاعات کے مطابق موسم کی خرابی کے باعث شاہی جوڑے کے جہاز کو واپس لاہور بھیج دیا گیا،جس پر رائل ایئر فورس کے طیارے کے لینڈ کرنے پر ایئرپورٹ کی سکیو رٹی مزید سخت کر دی گئی، لاہور ایئر پورٹ پر وی آئی پی لاؤنج کھول دیا گیا، علامہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد تین گھنٹے سے زائد انتظار اور موسم بہتر نہ ہونے کی وجہ سے شاہی مہما ن کے رات لاہور میں ہی قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ رائل طیارے میں شاہی جوڑے کیساتھ سفر کرنیوالے برطانوی صحافی کرس شپ نے ٹویٹ کیا کہ رائل ائیر فورس کا جہاز اسلام آباد کی فضا میں ہچکولے کھانے کے بعد واپس لاہور کیلئے مڑا اور جہاں سے سفر کا آغاز کیا واپس وہیں لینڈ کیا۔برطانوی صحافی کا مزید کہنا تھا شہزادہ ولیم جو خود ایک پائلٹ ہیں، وہ جہاز کے باقی افراد کی نسبت کم پریشان دکھائی دیئے۔ قبل ازیں شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ روز لاہور میں انتہائی مصروف دن گزارا۔ بر طا نوی شاہی جوڑے نے ایس اوایس ویلیج میں 2 بچوں کی سالگرہ تقریب میں شرکت کی،اور بچوں کیساتھ گھل مل گئے اور ان سے گپ شپ کی،اس موقع پر شاہی جوڑے کو ایس او ایس ویلیج میں بچوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہی دی گئی۔شاہی جوڑے نے بچوں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔اس کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بچوں کیساتھ کرکٹ کھیلی، شوکت خانم ہسپتال میں کینسر کے مریض بچوں کی عیادت کی، اس موقع پر ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر فیصل سلطان نے شاہی جوڑے کاپرتپاک استقبال کیا۔شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن نے کینسر کے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی اور اظہار ہمدردی کیا۔ شاہی مہمانوں نے ہسپتال کا دورہ بھی کیا جبکہ ہسپتال کے باہر عام لوگوں سے بھی ملاقات کر کے گفتگو کی۔ شاہی جوڑے نے تاریخی بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا جہاں خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد نے شاہی مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں بادشاہی مسجد کی تاریخ کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔شہزادی کیٹ میڈلٹن نے شلوار قمیض زیب تن کر رکھی تھی جبکہ سر کو بھی دوپٹے سے ڈھانپ رکھا تھا۔برطانوی شاہی جوڑے نے ننگے پاؤں مسجد کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مغلیہ دور کے فن تعمیر کو سراہا۔ شاہی جوڑے کیلئے ریڈ کارپٹ بچھایا گیا تھا۔شہزادہ ولیم نے بادشاہی مسجد لاہور میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے اجلاس میں بھی شرکت کی، اس سے قبل شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا لاہور پہنچنے پر ریڈ کار پٹ استقبال کیا گیا، شاہی جوڑے کو ائیر پورٹ پر گورنر محمد سرور اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے خو ش آمدید کہا، دو بچوں نے پھول بھی پیش کئے۔برطانوی رائل ائیر فورس کا طیارہ شاہی مہمان کو لے کر لاہور ائیر پورٹ پر اترا، پینٹ شرٹ میں ملبوس شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ساتھ مسکراتے ہوئے طیارے سے اترے۔ ائیر پورٹ پر گورنر اور وزیر اعلی پنجاب نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ شہزادہ ولیم نے اپنے استقبال کیلئے موجود دو بچیوں سے بھی حال دریافت کیا۔ شاہی جوڑے کو ان کی آمد پر تحائف بھی دیئے گئے، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہزادہ ولیم کو زیتون کی لکڑی سے بنی روایتی چھڑی اور پینٹنگ کا تحفہ پیش کیاجبکہ شہزادی کیٹ میڈلٹن کو شال تحفے میں دی۔گورنر چوہدری محمد سرور نے بھی معزز مہمانوں کو تحائف پیش کئے۔ شاہی جوڑے سے گورنر اور وزیر اعلیٰ نے ائیرپورٹ لاؤنج میں ملاقات بھی کی،برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔شہزادی کیٹ مڈلٹن مشرقی رنگ میں رچی بسی نظر آئیں، سفید لانگ شرٹ، ٹراوزر، شانوں پر دوپٹہ ہاتھ میں ایوری کلر پرس اور میچنگ کاٹ شوز مرکز نگاہ تھے۔ برطانوی شاہی جوڑا 14 اکتوبر کو 5 روزہ دورے پر پاکستان آیا تھا،آج 18 اکتوبر کو پاکستان سے روانہ ہوجائیگا۔

برطانوی شاہی جوڑا

مزید :

صفحہ اول -