برطانوی شاہی جوڑے کا دورہ لاہور، ٹریفک درہم برہم، شہری خوار
لاہور(کرائم رپورٹر) صوبائی دارالحکومت میں برطانوی شہزاہ ولیم اوراہلیہ کیٹ مڈلٹن کی آمد پر، ٹریفک کا نظام درہم برہم اور شہری خوار ہو کر رہ گئے، متعدد شاہراؤں میں شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک بحال کروائی۔ شہر کی اہم شاہراؤں کیساتھ ملحقہ سڑ کیں بھی جام ہو گئیں ٹر یفک کے جام ہو نے کی وجہ سے کئی ایمبولینس بھی ٹر یفک میں پھنس کر رہ گئیں جس سے مریضوں کیساتھ ان کے لواحقین کو بھی شدید تکلیف اٹھانا پڑی اور وہ پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے۔چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق شاہی مہمانوں کی لاہور آمد کے مو قع پر سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے بہترین اقدامات دیکھنے میں آئے ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن حماد رضا قریشی،ایس پی ٹریفک سردار آ صف خاں،10ڈی ایس پیز اور چھ سو سے زائد ٹریفک وارڈنز نے فرائض سرانجام دیئے، تفصیلات کے مطابق برطانوی شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن نے گزشتہ روز صوبائی دارالحکومت میں شاہی قلعہ، بادشادہی مسجد اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی سمیت مختلف مقامات کا دورہ کیا، سکیور ٹی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے برطانوی جوڑے نے جس راستے سے جانا تھا اس راستے اور شاہراہ کو مکمل طور پر ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ جس سے ٹریفک کا نظام جام ہی نہیں بلکہ درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ روٹ بند ہونے کے باعث ٹریفک کو روا ں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس نے شہریوں کو متبادل راستہ اپنانے کی ہدایات کی تھیں اور وارڈنز کو تعینات کیا گیا تھا لیکن ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا اور شہری ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے اپنی منزل تک پہنچنے کیلئے ذلیل خوار ہوتے رہے، سڑکوں پر موجود متاثرین ٹریفک نے اس کی وجہ سسٹم کی خرابی اور پنجاب حکومت کی نا اہلی و لاپرواہی کو قرار دیا۔ متاثرین نے مزید بتایا مختلف شاہراؤں پرٹریفک کے دباؤکی وجہ سے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کا نظام بحال کیا جبکہ متعدد شہریوں نے مؤقف اختیار کیا ہم برطانوی جوڑے کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں جبکہ ان کی آمد سے پہلے محکمہ ٹریفک پولیس نے جو ٹریفک پلان دیا تھا اس پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ٹریفک وارڈنزکامیاب نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے ہمیں منٹوں کا سفر کئی گھنٹوں میں طے کرنا پڑا۔
ٹریفک درہم برہم