مدینہ منورہ، عمرہ زائرین کی بس اور ٹرک میں تصادم، 35افراد جا ں بحق، 4زخمی
مدینہ منورہ(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی)سعودی عرب میں عمرہ زائرین کی بس ٹریفک حادثے کا شکار، 35افراد جاں بحق جبکہ4 زخمی ہو گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق نجی کمپنی کی مسافر بس 39 زائرین کو لے کر مدینہ منورہ جا رہی تھی،الاخل میں مکہ مدینہ روڈ پر ایک تیز رفتار ٹرک سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں بس میں آگ لگ گئی اور35 افراد لقمہ اجل بن گئے،چار افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں مقامی الہمنہ ہسپتال میں منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق بس میں ایشیا اور عرب ممالک کے زائرین سوار تھے۔مقامی وقت کے مطابق حادثہ صبح 7 بجے کے قریب پیش آیا۔تصادم اس قدر شدید تھا کہ بس کا آئل ٹینکر پھٹ گیا جس سے اس میں آگ لگ گئی اور اس قدر جانی نقصان ہوا۔جاں بحق افراد کی نعشوں کو ایمبولینسز میں مکہ مکرمہ کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے تاحال جانی و مالی نقصانات کی تفصیل نہیں بتائی اور نہ ہی یہ معلوم ہوا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق کن ممالک سے ہے۔
مدینہ،بس حادثہ