18اکتوبر کا جلسہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا: سعید غنی

    18اکتوبر کا جلسہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گا: سعید غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اطلاعات و محنت سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدرسعید غنی نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہونے والا جلسہ عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا آغازہوگا اور یہ مہم تھرپارکر، کشمور سے ہوتی ہوئی ساتھ پنجاب تک جائے گی۔ جلسہ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور جلسہ سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ لاڑکانہ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے پیپلز پارٹی کے امیدوار اور چیف پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن میں جانے سے روکنا دہرے معیار کی نشانی ہے۔ الیکشن کمیشن نے ہمارے متعدد ایم این ایز اور ایم پی ایز کو لاڑکانہ سے نکلنے کا کہا ہے، جو کہ خود الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی ہے۔ 18 اکتوبر اور 27 دسمبر کے سانحے کو ہم ایک ہی کڑی تصور کرتے ہیں دونوں سانحات کا پلان کرنے والا گروہ، سوچ اور تنظیم ایک ہی ہے اور عدلیہ نے اس مقدمہ میں نامزد تمام ملزمان کو رہا کردیا ہے جبکہ اس کے مرکزی ملزم سابق صدر پرویز مشرف کو عدلیہ میں لانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں۔ آصف علی زرداری کی صحت تشویش ناک ہے اور انہیں فوری طور پر علاج کے لئے اسپتال منتقل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو مزار قائد سے متصل وی آئی پی گیٹ کے پاس منعقد ہونے والے جلسہ گاہ میں لگائے گئے استقبالیہ کیمپ میں پرہجوم پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے نائب صدر راشد ربانی، جنرل سیکرٹری وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری جاوید ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری اور صوبائی وزیر شہلا رضا، راشد خاصخیلی، پیپلز شہدا گیلری کے آصف راہی، محمد آصف خان، سردار خان، اقبال ساندھ، جاوید شیخ، مرزا مقبول، لالہ رحیم،  چوہدری اصغر، علی احمد جان اور دیگر بھی موجود تھے۔ سعید غنی نے کہا کہ 18 اکتوبر ہر سال ہم انتہائی عقیدت اور احترام سے مناتے ہیں اور کل بھی ہم اپنے تمام شہدا کی قبروں پر فاتحہ خوانی کریں گے اور یادگار شہدا پر بھی پھولوں کا نذرانہ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کل شام 7 بجے جلسہ عام کا آغاز کیا جائے گا، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے اور اسی جلسہ سے وہ اپنی عوامی رابطہ مہم کے دوسرے مرحلے کا بھی آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ کے لئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور 60 فٹ چورا اور 32 فٹ اونچا اسٹیج تیار کرلیا گیا ہے جبکہ جلسہ گاہ کے اطراف پارٹی پرچم سمیت تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حتی المکان کوشش ہے کہ جلسہ کے دوران اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو جاری رکھا جائے اور اس کے لئے تمام ٹریفک پلان کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے البتہ عوام کو کچھ مکامات پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے لئے ہم ایڈوانس میں معذرت خواہ ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -