نیشنل گیمز کیلئے 6رکنی پنجاب آرچری ٹیم کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) نیشنل گیمز کیلئے 6رکنی پنجاب آرچری ٹیم کا اعلان کردیا گیا۔ گذشتہ روز پاکستان آرچری فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل وصال محمد خان جوکہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں نے پنجاب آرچری ٹیم کے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب آرچری ٹیم چھ کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی جن میں تین تین مرد اور خواتین کھلاڑی شامل ہیں مرد کھلاڑیوں میں غلام دستگیر، محمد مرسلین اور دانس عباس شامل ہیں جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں زمانہ ناز، سعدیہ مائی اور ردا قمر کو رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب میرٹ کی بنیاد پر اور دیگر سلیکشن کمیٹی کے ممبران سید ذوالفقار شاہ اور محمد اعجاز کے صلاح مشورے سے اوپن ٹرائلز کے ذریعے کیا گیا جبکہ ٹرائلز کے موقع پر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل ادریس حیدر خواجہ بطور آبزرور بھی موجود تھے۔ وصال محمد خان نے کہاکہ پنجاب آرچری ٹیم کے چناؤ کے سلسلہ میں ایک روزہ اوپن ٹرائلز گذشتہ روز پنجاب آرچری ٹریننگ سنٹر نزد ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد ہوئے جس میں پنجاب بھر سے 30 مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب ٹیم نیشنل گیمز میں شرکت کرے گی۔
اور آرچری کا ایونٹ 9 سے 14 نومبر تک پشاور کے حیات آباد سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا جس میں ملک بھر سے 9 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان آرمی، پاکستان واپڈا، پاکستان پولیس، ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی ٹیمیں شامل ہیں۔