یو اے ای کے 3 کرکٹرز معطل لیکن دراصل وہ کتنی رقم کے عوض فکسنگ پر تیار ہوئے تھے؟ تفصیلات منظرعام پر
دبئی(ویب ڈیسک)یو اے ای کے کپتان محمد نوید اور سینئر کرکٹر شیمان انور 2 لاکھ 72 ہزار ڈالر کے عوض ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کوالیفائرز میں 3 میچز میں فکسنگ پر تیار ہوئے تھے۔آئی سی سی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے ان پر اپریل میں دورہ زمبابوے سے نظر رکھی ہوئی تھی، ہرارے میں پولیس نے ایک اور کرکٹر مہردیپ چاکر کو 3 دیگر بھارتی باشندوں کے ہمراہ گرفتار کیا تاہم بعد میں انھیں چھوڑ دیا گیا تھا، مہردیپ نے وہیں قدیر احمد کو بھی فکسنگ میں الجھانا چاہا تھا۔ نوید اور شیمان نے جمعے سے شروع ہونے والے ایونٹ میں کچھ سیشن اور میچ کا نتیجہ فکس کرنے پر رضامندی ظاہر کردی تھی اسی وجہ سے ان سب کو معطل کیا گیا۔اینٹی کرپشن یونٹ نے اس بارے میں پولیس کو بھی رپورٹ کردی ہے، نوید اور شیمان کو ذاتی طور پر ان پر عائد چارجز سے آگاہ کیا گیا، قدیر پاکستان گئے ہوئے ہیں جبکہ مہردیپ کے بارے میں معلوم نہیں کہ وہ کہاں ہیں۔